پی ایس ایل کے خزانے میں ڈالرز کی برسات ہو گی

تین گنا زائد رقم پر ٹائٹل اسپانسر شپ کا معاہدہ ، 14.30 ملین ڈالر ملیں گے


Saleem Khaliq November 14, 2018
تین گنا زائد رقم پر ٹائٹل اسپانسر شپ کا معاہدہ، 14.30 ملین ڈالر ملیں گے۔ فوٹو: فائل

پی ایس ایل کے خزانے میں ڈالرز کی برسات ہو گی جب کہ پی سی بی نے تین گنا زائد رقم پر ٹائٹل اسپانسر شپ کا معاہدہ کر لیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے تمام معاملات طے پا چکے ہیں اور آئندہ چند روز میں پی سی بی باقاعدہ اعلان کر دے گا، ایچ بی ایل نے ابتدائی ایڈیشنز کیلیے تقریباً 5.2 ملین ڈالر کا کنٹریکٹ کیا تھا، اب چونکہ لیگ کامیابی سے ہمکنار ہو چکی لہذا پی سی بی نے ایک معروف کمپنی سے ٹائٹل اسپانسر شپ کی ویلیو لگوائی۔

ابتدا میں 15 ملین ڈالر کا مطالبہ کیا گیا تاہم بینک نے کہاکہ وہ 105 روپے فی ڈالر کے حساب سے ہی ادائیگی کرے گا، بورڈ نے یہ بات مان لی یوں تقریباً 14.30 ملین ڈالر کے کنٹریکٹ پر اتفاق ہوگیا ہے، یہ سابقہ معاہدے سے تقریباً تین گنا زائد رقم ہے۔

اس سے قبل یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے جانے سے پی ایس ایل پر اثر پڑے گا اور بورڈ کو کنٹریکٹس کے اچھے پیسے نہیں مل سکیں گے، البتہ احسان مانی نے پہلا امتحان بااحسن انداز میں پاس کر لیا ہے، اب براڈکاسٹ رائٹس کا مرحلہ باقی ہے اور بورڈ کو اس سے بھی بھاری رقم ملنے کی توقع ہے۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن آئندہ برس 14 فروری کو شروع ہوگا، ایونٹ کے 8 میچز پاکستان اور باقی یو اے ای میں کھیلے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں