عمران فاروق قتل کیس لندن پولیس نے افتخارحسین نامی شخص کو حراست میں لے لیا

لندن پولیس نے افتخارحسین کاموبائل فون ریکارڈ بھی حاصل کرلیا ہے جس کی مدد سے مزید گرفتاریاں عمل میں آنے کا امکان ہے۔


ویب ڈیسک June 24, 2013
گرفتار ہونے والے 52 سالہ افتخار حسین اہم سیاسی شخصیت کے قریبی رشتہ دار ہیں۔ فوٹو : فائل

اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ایم کیو ایم کے مقتول رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں اہیم پیش رفت کرتے ہوئے افتخار حسین نامی پاکستانی نژاد برطانوی شہری کو گرفتار کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گرفتار ہونے والے 52 سالہ افتخار حسین اہم سیاسی شخصیت کے قریبی رشتہ دار ہیں اور انہیں کینیڈا سے واپسی پر ہیتھرو ائیرپورٹ سے حراست میں لیا گیا۔ لندن پولیس نے افتخار حسین کے موبائل فون ریکارڈ بھی حاصل کر لیا ہے جس کی مدد سے مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آنے کا امکان ہے جب کہ پولیس نے مشتبہ افراد کی نگرانی سخت کرتے ہوئے انہیں شہر چھوڑنے سے منع کر دیا ہے۔

قبل ازیں لندن پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کے الزام میں ایک شخص کو ہیتھرو ایئرپورٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ کینیڈا سے واپس آرہا تھا، حراست میں لیا گیا شخص پاکستانی نژاد برطانوی شہری ہے جس کی عمر 52 سال ہے، ملزم سے مغربی لندن کے پولیس اسٹیشن میں پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ اس شخص کی گرفتاری چند روز قبل شمال مغربی لندن کے 2 گھروں کی جامع تلاشی کے بعد عمل میں آئی ہے۔ پولیس گرفتار شخص کا نام بتانے سے گریز کر رہی تھی تاہم پولیس حکام نے شک ظاہر کیا تھا کہ قتل کی اس سازش میں آٹھ سے دس افراد ملوث ہو سکتے ہیں اور اس سلسلے میں جلد مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔

واضح رہے کہ 2010 میں لندن میں ڈاکٹر عمران فاروق کو ان کی رہائش گاہ کے قریب قتل کردیا گیا تھا، اسکاٹ لینڈ یارڈ نے اس سلسلے میں عوام سے تعاون کی بھی اپیل کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔