مقبوضہ کشمیر میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 8 بھارتی فوجی ہلاک 13 زخمی

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی وزیراعظم کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ پررکھی گئی ہے۔

بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کی آمد پر مقبوضہ کشمیر میں منگل کے روز کے لئے احتجاجأہڑتال اور کاروبار بند رکھنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کے 2 روزہ دورے سے قبل مسلح افراد کی جانب سے کئے گئے حملے میں 8 بھارتی فوجی ہلاک اور خاتون سمیت 13 افراد زخمی ہو گئے۔

بھارتی پولیس کے ایک سینئر پولیس افسر نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ حملے میں بھارتی فوج کے 8 جوان اور 13 افراد زخمی ہو گئے، حکام کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے فوجی قافلے پر اس وقت حملہ کیا جب وہ اپنے بیس کیمپ کی جانب رواں دواں تھا، حملے کے بعد ملزمان موٹر سائیکل پر ہی فرار ہونے لگے تو انہیں پیرا ملٹری فورس کی جانب سے روکنے کی کوشش کی گئی جس پر حملہ آوروں نے فائرنگ شروع کر دی اور دستی بم بھی پھینکے جس کے نتیجے میں ایک سب انسپیکٹر، ایک سیکیورٹی اہلکار اور ایک خاتون بھی زخمی ہوئیں۔


مقبوضہ کشمیر میں بھارتی وزیراعظم کی آمد کے پیش نظر سیکیورٹی ہائی الرٹ پررکھی گئی ہے، پولیس اور سیکیورٹی اہلکار جگہ جگہ تعینات کئے گئے تھے اور مختلف مقامات پر عارضی چیک پوائنٹس بھی بنائے گئے ہیں۔

بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کی آمد پر مقبوضہ کشمیر میں منگل کے روز کے لئے احتجاجأہڑتال اور کاروبار بند رکھنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ اس موقع پر علیحدگی پسند رہنما سید علی گیلانی نے ایک بیان میں کہا کہ ہم اس احتجاج کے ذریعے وزیراعظم من موہن سنگھ کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ انہوں نے افضل گرو کو پھانسی پر لٹکا کر کشمیری عوام کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔

بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کے ہمراہ مقبوضہ کشمیر میں ریلوے منصوبے کا افتتاح کرنے کے لئے منگل کو پہنچیں گے۔

Recommended Stories

Load Next Story