آئی سی سی کا اجلاس نجم سیٹھی اور سبحان کل انگلینڈ روانہ ہوں گے

پاکستانی موقف پیش کرنے میں کوئی دشواری نہیں ہوگی،عبوری چیئرمین کو یقین


Sports Reporter June 25, 2013
فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد آئی سی سی اجلاس میں شرکت کیلیے بدھ کی صبح انگلینڈ روانہ ہوں گے۔

چیف ایگزیکٹیوز میٹنگ کا حصہ بننے کیلیے ڈائریکٹر انٹرنیشنل انتخاب عالم پہلے ہی لندن میں موجود ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کو معطل کیے جانے سے انتظامی بحران پیدا ہونے کے بعد پاکستان کی آئی سی سی اجلاس میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ چکا تھا، اتوار کو تقرری کے بعد عبوری چیئرمین نجم سیٹھی اب بورڈ میں جمہوری سیٹ اپ لانے کی کہانی سنانے انگلینڈ جائیں گے، ان کی معاونت کیلیے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد بھی ہمراہ ہوں گے، دونوں عہدیداروں کی روانگی بدھ کو علی الصبح شیڈول ہے۔



اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ فی الحال پی سی بی کا سب سے بڑا مسئلہ آئی سی سی اجلاس میں ملک کی نمائندگی تھا، فل ممبر بورڈ کے سربراہ کا میٹنگ میں موجود ہی نہ ہونا کرکٹ برادری پر بُرا تاثر اور آئندہ کیلیے ناخوشگوار مثال چھوڑ جاتا، عدالتی حکم کے مطابق میری تقرری کرکے یہ خلا پُر کیا گیا، وہاں زیر غور آنے والے مختلف معاملات کے بارے میں بورڈ کے عہدیداروں سے بات چیت کی، مزید معلومات حاصل کرکے بھرپور تیاری کے ساتھ لندن جائیں گے، سبحان احمد بھی بیشتر امور کی نوعیت اچھی طرح جانتے ہیں، ان کی معاونت حاصل ہونے کے بعد ہمیں پاکستان کا موقف پیش کرنے میں کوئی دشواری نہیں ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں