ایفیڈرین کیس حنیف عباسی کیخلاف انکے ڈیلروعدہ معاف گواہ بن گئے

کبھی گریس یاگلوبل کمپنی کی ایفیڈرین ادویہ سندھ میں سپلائی نہیں کیں،ڈیلر


Qaiser Sherazi June 25, 2013
ذوالفقارشیخانی کابیان چالان کاحصہ بنالیاگیا،آصف شیخانی کی رہائی کاحکم فوٹو: فائل

ISLAMABAD/RAWALPINDI: ممنوعہ کیمیکل ایفیڈرین کوٹاالاٹمنٹ واسمگلنگ کیس میں نئی ڈویلپمنٹ ہوئی ہے، سابق رکن قومی اسمبلی ومسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما محمدحنیف عباسی کے خلاف ان کی کمپنی گریس فارماسیوٹیکل کمپنی کے ڈیلر ذوالفقارشیخانی وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں۔

انھوں نے اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش ہوکر قانون کی دفعہ164 کے تحت باقاعدہ بیان ریکارڈ کرادیا ہے جس میں انھوں نے کہاہے کہ وہ اور اسی کیس میں گرفتار ان کے بھائی آصف شیخانی عرفات ٹریڈرکے نام سے کراچی میں کاروبار کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بطورڈیلر انھوں نے کبھی بھی گریس فارماسیوٹیکل کمپنی سے ایفیڈرین کی بنی ادویہ اور گولیاں حاصل کرکے سپلائی نہیں کیں۔ نہ ہی وہ500کلو ایفیڈرین کاکوٹا حاصل کرنے والی دوسری گلوبل فارماسیوٹیکل کمپنی کے ڈیلر ہیں۔ انھوں نے کبھی گلوبل کمپنی کی بھی ایفیڈرین کی تیارکردہ ادویہ کراچی اور سندھ میں سپلائی نہیں کیں۔ سابق ایم این اے کے خلاف اس بیان کو ان کے خلاف چالان کا باقاعدہ حصہ بنادیا گیاہے اور قراردیا گیاہے کہ سابق ایم این اے نے ایفیڈرین سے کوئی دوانہیں بنائی بلکہ اسے اسمگل کیا گیاہے۔



اسی کیس میں گرفتار وعدہ معاف گواہ بننے والے ذوالفقارشیخانی کے بھائی آصف شیخانی کی انسدادمنشیات کی خصوصی عدالت کے جج ارشد محمودتبسم نے گزشتہ روز ضمانت بھی منظور کرلی اور 5لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے پر ان کی فوری رہائی کاحکم دے دیا۔ ملزم کی طرف سے یہ رقم نقد جمع کرادی گئی۔ ضمانت کی درخواست کی سماعت شروع ہوئی تو اینٹی نارکوٹکس فورس کے پراسیکیوٹر اور تفتیشی آفیسر نے عدالت کو کہاکہ انھیں ملزم کی ضمانت پرکوئی اعتراض نہیں۔ رہا کیے جانے والے ملزم آصف شیخانی نے بھی اپنے بیان میں سابق ایم این اے حنیف عباسی کی کمپنی کی ایفیڈرین سے بنی ادویہ حاصل کرکے سپلائی کرنے کی واضح تردید کردی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں