پارلیمنٹ میں کرپشن کی بات کرنا کسی کا استحقاق مجروح نہیں کرتا ترجمان وزیراعظم

نہ پارلیمان کی ساکھ مجروح ہونے دیں گے اور نہ ہی کرپشن کے خاتمے پر کوئی سمجھوتہ کریں گے، افتخاردرانی

کرپشن اور موجودہ معاشی حالات کا گہرا تعلق ہے، افتخار درانی. فوٹو:فائل

وزیر اعظم کے ترجمان افتخار درانی کا کہنا ہے کہ کرپشن اور موجودہ معاشی حالات کا گہرا تعلق ہے، پارلیمنٹ میں اس پر بات کرنے سے کسی کا استحقاق مجروح نہیں ہوتا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جانب سے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ایوان میں داخلے پر پابندی پر وزیر اعظم کے ترجمان افتخار درانی کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کردیا گیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کی جانب سے وزیر اطلاعات کے ایوان میں داخلے پر پابندی غیرمعمولی اقدام تھا، ایوان بالا میں جنم لینے والی صورتحال سے تشویش کی غیر معمولی لہر نے جنم لیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: فواد چوہدری پرسینیٹ میں داخلے پر پابندی

وضاحتی بیان میں افتخار درانی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ میں پیدا ہونے والے بحران کے حل کی ذمہ داری وزیر دفاع پرویز خٹک کو سونپی جسے وزیر دفاع نے خوش اسلوبی سے سلجھایا، معاملے کے سلجھاؤ کے حکومتی مؤقف میں کوئی کوتاہی یا تضاد نہیں۔


اس خبرکوبھی پڑھیں: سینیٹ نے نظرثانی نہ کی تو کابینہ بھی اپنا لائحہ عمل بنائے گی

ترجمان وزیراعظم نے کہا ہے کہ پارلیمان کی تعظیم اور کرپشن کے خلاف فیصلہ کن اقدامات حکومت کے ایجنڈے کے مرکزی نکات ہیں، ہم نہ ہی پارلیمان کی ساکھ مجروح ہونے دیں گے اور نہ کرپشن کے خاتمے پر کوئی سمجھوتہ کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کرپشن اور موجودہ معاشی حالات کا گہرا تعلق ہے، پارلیمنٹ میں اس پر بات کرنے کا عمل کسی کا استحقاق مجروح نہیں کرتا۔

واضح رہے کہ سینیٹ میں اپوزیشن کی شکایت پرچیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وزیرِاطلاعات فواد چوہدری کے رویے پر رولنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایوان کا ماحول خراب کرنے کی ذمہ داری وزیر اطلاعات فواد چوہدری پر عائد ہوتی ہے، جب تک وزیر اطلاعات معافی نہیں مانگتے تو جاری اجلاس میں ان کے داخلے پر پابندی لگاتا ہوں۔
Load Next Story