ڈاکٹرعمران فاروق کے قتل میں پیسوں کے عمل دخل کا بھی انکشاف مزید کئی افراد شامل تفتیش

لندن پولیس دبئی،کینیڈا،جنوبی افریقہ کے پولیس حکام سےرابطےمیں تھی اورکینیڈین پولیس کی اطلاع پرہی ملزم کوگرفتارکیا گیا


ویب ڈیسک June 25, 2013
ڈاکٹر عمران فاروق کو 2010 میں لندن میں قتل کردیاگیا تھا۔ فوٹو : فائل

اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹرعمران فاروق کے قتل کے الزام میں کئی دیگر افراد کو شامل تفتیش کرلیا ہے جبکہ اس معاملے میں پیسوں کے معاملے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ روز ہیتھرو ایئرپورٹ سے گرفتار کئے گئے پاکستانی نژاد برطانوی شخص افتخار حسین کی گرفتاری کے لئے میٹروپولیٹن پولیس دبئی، کینیڈا اور جنوبی افریقہ کے پولیس حکام سے مسلسل رابطے میں تھے اورکینیڈین پولیس کی اطلاع پر ہی ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی ، ملزم کے زیر استعمال فون کو قبضے میں لے کر اس میں موجود ڈیٹا سے تفتیش کے عمل کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔

اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ملزم سے کی گئی پوچھ گچھ کی روشنی میں متعدد افراد سیمت ایک خاتون کو بھی شامل تفتیش کرلیا ہے، اس کے علاوہ تفتیش میں اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل میں پیسوں کے لین دین کا بھی معاملہ شامل ہے، لندن پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس قتل کے محرکات اور قاتل تک جلد ہی پہنچ جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لندن پولیس نے ہیتھرو ائرپورٹ سے ایک پاکستانی نژاد برطانوی شہری کو اس وقت حراست میں لیا تھا جب وہ اپنے خاندان کے دیگر افراد کے ہمراہ کینیڈا سے واپس آرہا تھا۔ برطانوی قانون کے مطابق پولیس ملزم کو 36 گھنٹے سے زیادہ حراست میں نہیں رکھ سکتی ، حراست کے دورانیے میں اضافے کے لئے اسے متعلقہ حکام کو ٹھوس شواہد پیش کرنا ہوں گے بصورت دیگر ملزم کو ضمانت پر رہا کردیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔