ایم کیو ایم کیخلاف کسی بھی ہتھکنڈے سے تحریک کے حوصلے پست نہیں ہوسکتے الطاف حسین

قومی اوربین الاقوامی سطح پرمیرے اعصاب توڑنے، ساتھیوں کو خوفزدہ اور ہراساں کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، الطاف حسین


ویب ڈیسک June 25, 2013
اس بات کا بخوبی احساس ہے کہ بعض اطلاعات پر کارکنان وعوام میں ابہام اور اضطراب کی کیفیت پائی جاتی ہے، الطاف حسین فوٹو: فائل

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ہمارے خلاف ناانصافیوں اور انتہائی کڑی آزمائشوں کے پہاڑ کیوں نہ توڑے جائیں لیکن یہ ہتھکنڈے ہمارے حوصلوں کو پست نہیں کرسکتے۔

لندن اور پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے ارکان سے مشترکہ خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ تحریک کے کارکنان اپنی صفوں میں بھرپور اتحاد قائم رکھیں، انتہائی غمزدہ اور افسردہ کرنے والے سانحات کے پہاڑ ایم کیو ایم کے کارکنوں، رہنماؤں اور ان کے اہل خانہ پر توڑے جارہے ہیں لیکن یہ وقت صبروتحمل کا ہے اور اللہ تعالیٰ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ان کے اعصاب توڑنے، ساتھیوں کو خوفزدہ اور ہراساں کرنے کے لئے ایسے افسوسناک اقدامات کئے جارہے ہیں جو بیرون ملک پاکستان کی کسی پارٹی کے رہنما، کارکنان اور ہمدردوں کے ساتھ روا نہیں رکھے گئے۔

الطاف حسین نے کہا کہ انہیں اس بات کا بخوبی احساس ہے کہ بعض اطلاعات پر کارکنان وعوام میں ابہام اور اضطراب کی کیفیت پائی جاتی ہے لیکن کارکنان ہر آزمائش کے موقع پر ماضی کی طرح ثابت قدمی اور مثالی اتحاد کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی خبر پر ابہام کا شکار ہونے اور اپنے طور پر کوئی فیصلہ کرنے کے بجائے رابطہ کمیٹی سے رجوع کریں۔

ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھا کہ انہیں تحریک کے پرعزم، جیالے اور بہادر کارکنان پر فخر ہے اور وہ انہیں ہدایت کرتے ہیں وہ ثابت قدم رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ناانصافی پر مبنی کسی بھی اقدام پر پرامن طریقے سے قانون کے مطابق اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔