شام میں امریکی فضائی بمباری میں خواتین اور بچوں سمیت 43 افراد جاں بحق

مرنے والوں میں 17 بچے اور 12 خواتین بھی شامل ہیں، سیرین آبزرویٹری


ویب ڈیسک November 17, 2018
امریکی طیاروں نے عراقی سرحد کے قریب ابوالحسن قصبے میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا، فوٹو: فائل

شام کے مشرقی صوبے دیر الزور میں امریکی فضائی بمباری کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت کم ازکم 43 افرادجاں بحق ہوگئے۔

شامی مبصر گروپ سیرین آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کے مطابق امریکی طیاروں نے عراقی سرحد کے قریب ابوالحسن قصبے میں رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا اور گھروں پر بمباری کی۔

مبصر گروپ کے سربراہ عبدالرحمان نے میڈیا کو بتایا کہ امریکی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں 43 افراد جاں بحق ہوئے جن میں بیشتر خواتین اور بچے ہیں، مرنے والوں میں 17 بچے اور 12 خواتین شامل ہیں جب کہ دیگر ہلاکتوں میں اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی کہ ان کا تعلق کسی عسکری گروپ سے تھا۔

شام کی سرکاری نیوزی ایجنسی نے بھی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عراق سے متصل علاقے حجین کے گاؤں میں بمباری کی گئی اور اس میں 40 سے زائد افراد مارے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی قیادت میں اس کے مقامی اتحادی جن کی قیاد ت کُرد کررہے ہیں اس وقت دیر الزور میں داعش کے خلاف لڑرہے ہیں تاہم یہ علاقہ تاحال شدت پسند تنظیم کے زیر اثر ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں