انٹرنیشنل اسکواش پلیئرز کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی

انتظامات کوحتمی شکل دے دی گئی،منگل کوشروع ہونے والے ایونٹ کیلیے کھلاڑیوں کی کراچی آمد کا سلسلہ کل شروع ہوگا۔


Sports Reporter November 18, 2018
انتظامات کوحتمی شکل دے دی گئی،منگل کوشروع ہونے والے ایونٹ کیلیے کھلاڑیوں کی کراچی آمد کا سلسلہ کل شروع ہوگا۔ فوٹو : فائل

SRINAGAR: ڈی ایچ اے کپ انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ کا آغاز منگل سے ہوگا تاہم 24 نومبر تک ڈی اے اتھارٹی کلب میں شیڈول 5 روزہ چیمپئن شپ میں شریک غیرملکی کھلاڑیوں کوفول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اورسندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے سیکریٹری راشد احمد نے بتایا کہ پی ایس اے سے رجسٹرڈ اور پاکستان اسکواش فیڈریشن سے منظور شدہ چیمپئن شپ میں مینز اور ویمنزایونٹس کے مقابلے شیڈول ہیں، ساڑھے 23ڈالرز کی انعامی رقم کی چیمپئن شپ میں مینز ایونٹ کے لیے18ہزاراور ویمنز ایونٹ کے لیے ساڑھے 5 ڈالرز کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان مقابلوں میں17ممالک سے تعلق رکھنے والے عالمی رینکنگ کے مرد اور خواتین کھلاڑی شرکت کررہے ہیں،32،32 کھلاڑیوں کے دونوں ایونٹس میں ٹاپ8،8 کھلاڑیوں کو بائی دی گئی ہے جبکہ پہلے راؤنڈ میں 16،16 کھلاڑی کورٹ میں اتریں گے۔

مینز ایونٹ میں عالمی رینکنگ میں 45 ویں پوزیشن کے حامل مصرکے کریم الفاتحی کوٹاپ سیڈ قراردیا گیا ہے جبکہ مصر ہی کے عالمی نمبر 52 سیڈ 2 کھلاڑی قرار پائے ہیں، ملائیشیا کے ایوان یون سیڈ3 اورپاکستان کے طیب اسلم سیڈ 4 کھلاڑی ہوں گے، پاکستان کے 3 کھلاڑیوں قومی انڈر19 چیمپئن نوید رحمان، سعد عبداللہ اورنعمان خان کووائلڈ کارڈ انٹری دی گئی ہے، پاکستان کے دیگر8 کھلاڑی فرحان محبوب، فرحان زمان، شاہ جہاں خان، اسرار احمد، سید علی مجتبیٰ شاہ بخاری، خواجہ عادل مقبول، دانش اطلس خان اور عماد فرید بھی مین ڈرا میں شامل ہیں۔

خواتین کی عالمی رینکنگ میں 89 ویں پوزیشن پربراجمان پاکستان کی مدینہ ظفرویمنز ایونٹ کی ٹاپ سیڈ ہیں جبکہ عالمی نمبر99 ملائیشیا کی اوئی کہایان سیڈ2 ہوں گی،مصری کھلاڑی فریدہ اور فرح مومن بالترتیب سید3 اور سیڈ4 ہیں۔

چیمپئن شپ کا افتتاح اپنے دورکے عظیم کھلاڑی اور سابق عالمی چیمپئن جہانگیرخان کریں گے جبکہ فائنلز اوراختتامی تقریب کے موقع پرکورکمانڈرلیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز کراچی مہمان خصوصی کی حیثیت سے انعامات تقسیم کریں گے، انھوں نے کہا کہ 10برس کے بعد غیرملکی پلیئرزکی انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت سے عالمی سطح پر پاکستان کے حوالے سے مثبت تاثرجائے گا، طاہرخانزادہ ٹورنامنٹ ریفری ہوں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں