سلیکٹرز سعد علی کو قومی ٹیم میں شامل کرکے بھول گئے

اے ٹیم میں بھی جگہ دیدی، غلطی کا احساس ہونے پر عثمان صلاح الدین منتخب

انگلینڈلائنزسے 4روزہ میچ کاآج ابوظبی میں آغاز،شاہین شاہ بھی حصہ لیں گے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

سلیکٹرز سعد علی کو نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کر کے بھول گئے جب کہ گزشتہ روز انھیں اے ٹیم میں بھی جگہ دے دی گئی۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق کی زیرسربراہی کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ لائنز سے4روزہ میچ کیلیے پاکستان ''اے'' اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے سعد علی کا نام بھی شامل کرلیا،سلیکٹرز کو یہ یاد ہی نہیں رہا کہ نوجوان بیٹسمین نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریزکیلیے منتخب کھلاڑیوں میں بھی شامل ہیں، بعد ازاں غلطی کا احساس ہونے پر اے ٹیم میں سعد علی کی جگہ عثمان صلاح الدین کو لے لیاگیا۔

نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز کیلیے منتخب اسکواڈ میں شامل شاہین شاہ آفریدی کو بھی انگلینڈ لائنز سے میچ میں کھلایا جائے گا، یہ فیصلہ انھیں طویل فارمیٹ کی کرکٹ کا تجربہ دلانے کیلیے کیا گیا،البتہ گزشتہ روز اعلان کیے جانے والے 13رکنی اسکواڈ میں پیسر کا نام شامل نہیں ہے، وہ انگلینڈ لائنز سے4روزہ کے بعد دوبارہ پاکستانی ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔


میچ میں قیادت کے فرائض محمد رضوان نبھائیں گے،دیگر کھلاڑیوں میں خرم منظور، شان مسعود، عابد علی،عثمان صلاح الدین، محمد سعد، سعود شکیل، محمد عرفان،احسان عادل، تاج ولی، ثمین گل، علی شفیق اور محمد اصغر شامل ہیں۔ چار روزہ مقابلہ اتوار کو ابوظبی میں شروع ہوگا۔

مہمان ٹیم کے ساتھ بعدازاں 5ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی بھی یو اے ای میں ہی شیڈول ہیں، محدود اوورز کی کرکٹ کیلیے اسکواڈز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

 
Load Next Story