شام میں امریکی فضائی حملے میں 17 بچے اور 12 خواتین سمیت 40 افراد جاں بحق

دیر الزور میں داعش جنگجوؤں اور امریکی حمایت یافتہ فورسز کے درمیان ستمبر سے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے


ویب ڈیسک November 18, 2018
فضائی حملے میں درجنوں مکان مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ فوٹو : فائل

شام کے مشرقی علاقے میں امریکی فضائیہ کے حملے میں بچوں اور خواتین سمیت 40 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔


بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مشرقی شام میں عسکریت پسندوں کے زیر تسلط علاقوں پر امریکی فضائیہ نے بمباری کی جس کے نتیجے میں 17 بچے، 12 خواتین سمیت 40 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔

شامی حالات کے مبصر گروپ سیرین آبزرویٹری برائے انسانی حقوق نے فضائی حملے میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مبینہ امریکی فضائی حملہ مشرقی شامی صوبے دیرالزور کے نواحی گاؤں حجین پر کیا گیا۔

اس علاقے میں امریکی حمایت یافتہ سیرین ڈیموکریٹک فورسز اور داعش جنگجوؤں کے درمیان جھڑپیں عام ہیں، زمینی جھڑپوں میں ناکامی کے بعد امریکا نے فضائی حملہ کر کے اپنا بدلہ چکایا تاہم ہلاک ہونے والوں کے عسکریت پسند ہونے کے شواہد نہیں ملے۔

واضح رہے کہ شام کی اتحادی افواج اور امریکی حمایت یافتہ عسکری گروہ کی کارروائیوں کے باوجود مشرقی شام کے صوبہ دیر الزور پر تاحال داعش کا قبضہ ہے جسے واگزار کروانے کے لیے بشار الاسد کی حکومت نے حتمی کارروائی کا فیصلہ کر رکھا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں