وزیراعظم قوم کے سامنے حکومت کی 100 روزہ کارکردگی پیش کریں گے

وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومت کے 100 دن کی کارکردگی سے قوم کو آگاہ کرنے کا وعدہ کیا تھا


ویب ڈیسک November 18, 2018
وفاقی حکومت کی سو دن کی کارکردگی خود وزیراعظم پیش کریں گے۔ فوٹو : فائل

وزیراعظم عمران خان اپنے دور حکومت کے 100 روز پورے ہونے پر قوم کو حکومت کی کارکردگی سے آگاہ کریں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومت کے 100 روزہ پلان پر عمل درآمد سے متعلق قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے اوراس حوالے سے مرکزی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان قوم کو سو دن کے اہداف کے حصول کے لیے حکومت کی رفتار اور اقدامات سے آگاہ کریں گے، ممکنہ طور پر کابینہ کی اہم وزارتوں کی کارکردگی بھی قوم کے سامنے رکھی جائے گی اور اس کی روشنی میں آئندہ کی حکمت عملی سے قوم کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

وزیراعظم کی ہدایت کے پیش نظر صوبہ پنجاب کے سو دن کی کارکردگی کی رپورٹ تیاری کے آخری مراحل میں ہے اور پنجاب حکومت کی خواہش ہے کہ اس حوالے سے ایک خصوصی تقریب لاہور میں رکھی جائے جس کی صدارت وزیراعظم کریں گے۔ دیگر صوبے بھی اپنی کارکردگی پیش کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔


واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی انتخابی مہم اور الیکشن میں کامیابی کے بعد بھی قوم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ حکومت کے پہلے 100 دن کی کارکردگی سے قوم کو خود آگاہ کریں گے، آج تحریک انصاف کی حکومت کو سو دن پورے ہو گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں