سانحہ ماڈل ٹاؤن نئی جے آئی ٹی کیلیے سماعت آج ہوگی شہباز شریف بھی پیش ہوں گے

عدالت نے نوازشریف سمیت دیگر 139 افراد کو نوٹس جاری کیے ہیں


ویب ڈیسک November 18, 2018
سانحہ ماڈل ٹاؤن کی متاثرہ بچی بسمہ امجد کی درخواست پر چیف جسٹس نے ازخود نوٹس لیا تھا، فوٹو: فائل

سپریم کورٹ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لیے نئی جے آئی ٹی بنانے کی درخواست پر آج سماعت کرے گی جس میں شہباز شریف کو بھی پیش کیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بینچ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لیے نئی جے آئی ٹی بنانے سے متعلق بسمہ امجد کی درخواست پر آج 19 نومبر کو سماعت کرے گا۔

عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس میں نامزد نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، رانا ثناء اللہ، پرویز رشید، خواجہ آصف سمیت دیگر 139 افراد کو نوٹس جاری کیے ہوئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا سانحہ ماڈل ٹاؤن میں نوٹس نیب لاہور کو موصول ہوگیا ہے اور شہباز شریف کو آج صبح عدالت میں پیش کیا جائے گا، شہباز شریف کی پیشی کے حوالے سے نیب لاہور نے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی متاثرہ بچی بسمہ امجد کی درخواست پر 6 اکتوبر کو ازخود نوٹس لیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔