سری لنکا ٹیسٹ کرکٹ کو بُری طرح نظرانداز کرنے لگا

2 سال کے دوران11 میچ زملتوی یا منسوخ ہوچکے، رواں سال 3 مقابلوں میں شرکت


Sports Desk June 26, 2013
2 سال کے دوران11 میچ زملتوی یا منسوخ ہوچکے، رواں سال 3 مقابلوں میں شرکت۔ فوٹو: فائل

سری لنکا ٹیسٹ کرکٹ کو بُری طرح نظرانداز کرنے لگا، ٹیم کے تقریباً دو سال کے دوران 11 ٹیسٹ میچز ملتوی یا منسوخ ہوچکے ہیں۔

یہ سلسلہ مئی 2011 سے جاری اور اس میں زیادہ ہاتھ خود سری لنکن کرکٹ بورڈ کا ہی ہے،گذشتہ برس ایس ایل سی نے اپنی پریمیئر لیگ کی خاطر جنوبی افریقہ کو تین ٹیسٹ کی سیریز ملتوی کرنے پر راضی کیا، اس سے قبل اپنے کھلاڑیوں کی آئی پی ایل میں شرکت یقینی بنانے کیلیے سری لنکا نے ویسٹ انڈیز سے رواں برس شیڈول تین ٹیسٹ میچز کی سیریز منسوخ کی تھی، گذشتہ برس کے آغاز پر آئی پی ایل کی ہی خاطر انگلینڈ سے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کو دو مقابلوں تک محدود کیا گیا جبکہ انگلش بورڈ کو 2014 میں بھی صرف دو ٹیسٹ کھیلنے پر راضی کیا گیا ہے تاکہ ان کے کھلاڑی ایک بار پھر آرام سے آئی پی ایل سے رقم کما سکیں۔

رواں برس سری لنکن ٹیم نے آسٹریلیا سے ایک اور بنگلہ دیش سے دو ٹیسٹ کھیلے،باقی عرصے میں صرف ایک ٹیسٹ زمبابوے سے شیڈول ہے، سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے بورڈ کے اس رویے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اصل کرکٹ ٹیسٹ ہی ہے، اس میں عدم شرکت کھیل میں ملک کو بہت پیچھے لے جائے گی، دولت کی لالچ اور کھلاڑیوں کے دبائو میں آ کر بورڈ اس بارے میں نہیں سوچ رہا ہے۔ماہرین کے مطابق آئی پی ایل کے سری لنکن کرکٹ پر منفی اثرات پڑنے لگے ہیں۔



بھارتی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کیلیے اپنے انٹرنیشنل کیلنڈر سے8 ہفتوں کو ہذف کرنے پر بورڈ کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جا رہاہے، ٹی ٹوئنٹی لیگ نے ابتدا سے ہی سری لنکن کرکٹ کو نقصان پہنچایااور حالت کو ٹھیک کرنے کیلیے بہت کم کام ہوا۔ 2009 میں بورڈ کی جانب سے کئی سہولتوں کے باوجود سری لنکا کے دورئہ انگلینڈکو سینئرزکے انکار کی وجہ سے ختم کرنا پڑا تھا۔

ویسٹ انڈین ٹیم نے اس کی جگہ ٹورکیا اگرچہ اس کے کئی کھلاڑی آئی پی ایل میں شریک تھے۔ 2011 میں سری لنکا کے بھارتی لیگ میں حصہ لینے والے کھلاڑی انگلینڈ تاخیر سے پہنچے اور ایک وارم اپ میچ نہیں ہوسکا، بغیر تیاری کے کارڈف میں ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میں اننگز سے شکست ہوئی، میزبان بولرز نے پوری ٹیم کو ایک ہی سیشن میں 82 رنز پر پویلین کی راہ دکھا دی تھی۔ گذشتہ سال آئی پی ایل کی وجہ سے انگلینڈ کیخلاف 3 ٹیسٹ کی سیریز کو 2 تک محدود کردیا گیا تھا،آئی پی ایل کی وجہ سے ہی آئندہ سال کے انگلش ٹورمیں بھی ایسا ہی کیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں