رمیز نے مصباح الحق کو کپتان رکھنے کی حمایت کردی

ورلڈ کپ 2015 تک ذمہ داری سونپی جائے، متبادل تیار نہ ہونا افسوسناک ہے، سابق اوپنر


Sports Reporter June 26, 2013
ورلڈ کپ 2015 تک ذمہ داری سونپی جائے، متبادل تیار نہ ہونا افسوسناک ہے، سابق اوپنر فوٹو : اے ایف پی/فائل

LAS VEGAS: رمیز راجہ نے مصباح الحق کو ورلڈ کپ 2015 تک کپتان برقرار رکھنے کی حمایت کردی، سابق ٹیسٹ کرکٹر کے مطابق پاکستان کے پاس کسی متبادل کھلاڑی کا تیار نہ ہونا افسوسناک ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد آپریشن کلین اپ کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، کئی سابق ٹیسٹ کرکٹرز چند ناکارہ کھلاڑیوں کے ساتھ دفاعی حکمت عملی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کپتان مصباح کو بھی تبدیل کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ رمیز راجہ کے خیال میں ڈومیسٹک کرکٹ کا ڈھانچہ ایسے باصلاحیت کھلاڑی پیدا کرنے میں ناکام رہا جو انٹرنیشنل مقابلوں کا چیلنج قبول کرسکیں، بھارت نے چند عظیم کرکٹرز کے بہترین متبادل تیار کرلیے جبکہ ہماری صورتحال افسوسناک ہے، مسئلے کے جلد حل ہونے کا بھی کوئی امکان نہیں۔



انھوں نے مزید کہا کہ ہمارے 3،4 بیٹسمین اپنی پسندیدہ کنڈیشنز میں تو رنز بنا لیتے ہیں مگر مشکل حالات میں صلاحیتوں کا پول کھل جاتا ہے، ایسے ٹیلنٹ کی موجودگی میں موجودہ کپتان جیسا قابل بھروسہ بیٹسمین بھی نہ ہو تو ٹیم کا کیا حشر ہوگا؟ ورلڈ کپ میں 41 سالہ کپتان تھوڑا عجیب ضرور محسوس ہوتا ہے لیکن مصباح الحق سپر فٹ اور رنز اسکور کررہے ہیں۔

ان کی فیلڈنگ بھی شاندار ہے، فی الحال ہمارے پاس ان کے سوا کوئی دوسرا آپشن ہی موجود نہیں، مجھے تو مجموعی طور پر پاکستان کے پاس ایسا ٹیلنٹ ہی نظر نہیں آتا جو ورلڈ کپ جیت سکے، انھوں نے کہا کہ ہمیں کھیل میں اتار چڑھاؤ کے باوجود عمر اکمل اور اظہر علی کو نظرا نداز نہیں کرنا چاہیے، دونوں کے مستقبل میں امید کی ہلکی سی کرن دکھائی دیتی ہے۔ دورہ ویسٹ انڈیز کیلیے ایک بار پھر شاہد آفریدی اور یونس خان کے ناموں پر غور کے حوالے سے رمیز نے کہا کہ حقیقی ٹیلنٹ کی عدم موجودگی میں ہر سیریز اور ایونٹ کیلیے چند چہرے ہی بدل بدل کر دوبارہ لانے کا سلسلہ برسوں سے جاری ہے، یہی سلسلہ اور کتنے سال چلے گا کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں