ہیلمٹ کی پاسداری کے لیے مزید اقدامات

موٹر سائیکل سوار کی جان کی حفاظت کے لیے ہیلمٹ انتہائی ضروری ہے


Editorial November 19, 2018
موٹر سائیکل سوار کی جان کی حفاظت کے لیے ہیلمٹ انتہائی ضروری ہے۔فوٹو:ایکسپریس

دنیا بھر میں موٹر سائیکل کی سواری کو غیر محفوظ سمجھا جاتا ہے' اس لیے موٹر سائیکل سواروں کے لیے حفاظتی اقدامات ضروری قرار دیے جاتے ہیں۔ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں موٹر سائیکلوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ پاکستان کے شہروں میں اکثر حادثات کی وجہ موٹر سایکل کی سواری ہے۔ عموماً حادثات میں موٹر سائیکل سوار جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں ' اگر کوئی زندہ بچ جاتا ہے تو وہ بری طرح زخمی ہو جاتا ہے۔

موٹر سائیکل سوار کی جان کی حفاظت کے لیے ہیلمٹ انتہائی ضروری ہے' بدقسمتی سے موٹر سائیکل سوار اس پابندی کی پرواہ نہیں کرتے جو انتہائی خطرناک رجحان ہے' اب صوبائی حکومتوں نے عدالتی احکامات کے پیش نظر ہیلمٹ پہننے کے لیے سختی کر رکھی ہے' گزشتہ روز لاہور میں سٹی ٹریفک پولیس نے تجویز دی ہے کہ بغیر ہیلمٹ کسی موٹرسائیکل سوار کو پٹرول نہ دیا جائے۔ادھر یہ بھی شنید ہے کہ لاہور میں ہیلمٹ کی پابندی یقینی بنانے پر اسپتالوں میں غیر ضروری رش میں 80 فیصد کمی واقعہ ہوئی۔ موٹر بائیک سواروں کو بغیر ہلمٹ پٹرول نہ دینے کی ابتدا لاہور سے ہوگئی تو توقع کی جانی چاہیے کہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی اس کی تقلید کی جائے گی جس سے ملک بھر میں مہلک حادثات میں نمایاں کمی آئے گی۔

واضح رہے ہیلمٹ سر کو چوٹ سے بچاتا ہے جو تمام چوٹوں سے زیادہ مہلک ہوتی ہے۔ ہاتھ پاوں ٹوٹنے سے انسان کا وہ نقصان نہیں ہوتا جو سر کی مہلک چوٹ سے ہوتا ہے، اول تو سر کی چوٹ والے کی زندگی بچنا ہی مشکل ہوتی ہے اور اگر اللہ جان بچا دے تب زندگی بھر کے لیے معذوری کہیں نہیں گئی۔ٹریفک قوانین کی پابندی کرانے کے لیے بھی لاہور میں ای چالان سسٹم رائج کر دیا گیا 'اس سسٹم سے کیمروں کی مدد سے ٹریفک سگنل توڑنے والوں کی نشاندہی ہوتی ہے اور انھیں گھر پر چالان کی سلپ موصول ہو جاتی ہے۔ اس طریقے سے بھی لاہور میں ٹریفک میں بہتری آئی ہے 'ٹریفک سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی ضروری ہے ۔ خصوصاً کراچی جیسے بڑے شہر میں شاہراہوں پر کیمرے نصب کر دیے جائیں تو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں