ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ نبی آخری الزماںﷺ کا اسوہ آنے والی نسلوں کے لیے ضابطہ حیات ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر طیب اردگان نے ماہ ربیع الاول میں جشن آمد رسولﷺ کی مناسبت سے سرکاری سطح پر ایک ہفتے تک جاری رہنے والی خصوصی تقریبات "ہمارے رسولﷺ اور نوجوان" کا آغاز کردیا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طیب اردگان کا کہنا تھا کہ اسلام کی تابندگی سنت اور سیرت پرعمل میں پنہاں ہے، ایک مسلمان کا تعلق سیرت پاک سے جتنا مضبوط ہوگا اس کا دین کے ساتھ تعلق بھی اتنا ہی مضبوط ہوگا۔
ترک صدر نے مزید کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اور منافع بخش سرمایہ ہوتے ہیں، نوجوانوں کی طرف سے منہ موڑنے والی قوم کا مستقبل تاریک اور ملکی استحکام خطرے میں پڑجاتا ہے۔ نوجوانوں کو بھی اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنا ہوگا۔
طیب اردگان نے کہا کہ نوجوان سیرت پاک کا مطالعہ کریں اور اپنی زندگیوں کے تاریک پہلوؤں کو سنت رسول ﷺ سے روشن کریں، قلوب کو حب نبی سے منور کریں اور اللہ کے پسندیدہ دین اسلام کے جانثار سپاہی بنیں۔
واضح رہے کہ ترکی میں اس سال جشنِ آمد رسولﷺ 24 نومبر تک "ہمارے رسولﷺ اور نوجوان" کے عنوان سے منایا جائے گا۔