نجم سیٹھی کی بطور قائم مقام چیرمین پی سی بی تقرری اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج

نجم سیٹھی کی تقرری پی سی بی کے آئین اورکرکٹ کےعالمی قوانین کیخلاف ہے لہٰذا ان کی تقرری کالعدم قراردی جائے،درخواست گزار


Numainda Express June 26, 2013
آئی سی سی کے اجلاس میں کئے گئے فیصلے کی رو سے ایسے رکن ملک کی رکنیت معطل ہوسکتی ہے جہاں کرکٹ کے معاملات میں حکومتی مداخلت ہوگی، درخواست کا متن فوٹو: فائل

سینئر صحافی اور سابق نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی كی بطور قائم مقام چیرمین پی سی بی تقرری كو اسلام آباد ہائی كورٹ میں چیلنج كردیا گیا ہے۔

درخواست گزار عبداللہ طاہر نے محمد طارق اسد ایڈووكیٹ كے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ نجم سیٹھی کی بطور قائم مقام چیرمین پی سی بی تقرری سیاسی بنیادوں پر کی گئی جو پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین اور کرکٹ کے عالمی قوانین کے خلاف ہے، درخواست میں کہا گیا کہ پاكستانی كركٹ كو عالمی سطح پر كئی چیلنجز كا سامنا ہے اور ایسی صورت میں كركٹ بورڈ كا نظم ونسق ایک ایسے شخص كے سپرد كیا گیا ہے كہ جو خود کبھی پروفیشنل كركٹر نہیں رہا لہٰذا ان کی تقرری کالعدم قرار دی جائے اور ان کی جگہ کسی ماہر شخص کو قائم مقام چیرمین کی ذمہ داری سونپی جائے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ كركٹ كو سیاسی آلودگی سے پاک كرنے اور عالمی سطح پر اس كا معیار بہتر بنانے كے لئے انٹرنیشنل كركٹ كونسل نے اپنے ایک اجلاس میں کرکٹ کے آئین میں ترمیم كا فیصلہ کرتے ہوئے كركٹ جیسے معروف كھیل میں بہتری كے لئے كركٹ بورڈز میں سیاسی بنیادوں پر تقرریوں كے خلاف پابندی لگانے كے عزم كا اظہار كیا ہے تاكہ بورڈ اراكین كی آزادی اور منصفانہ انتخابات كو یقینی بنایا جاسكے اور اس فیصلے کی رو سے آئی سی سی ایسے ركن ملک كی ركنیت معطل كرسكتا ہے جہاں كركٹ كے معاملات میں حكومتی مداخلت ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں