لاہور قلندرز کو ڈی ویلیئرز کا سہارا آفریدی بھی منتخب

اسٹیون اسمتھ بھی ’ چھٹی ‘ ٹیم میں شامل ، ڈیوائن براوو کوئٹہ کا حصہ بنے۔

پشاور نے مصباح کو اپنالیا، پولارڈ بھی ٹاپ کیٹیگری میں چن لیے گئے۔ فوٹو: فائل

پی ایس ایل 4 معرکے کیلیے ٹیموں نے ہتھیاروں کا انتخاب مکمل کرلیا جب کہ گزشتہ تینوں ایڈیشنز کی کمزور ٹیم لاہور قلندرز نے پلاٹینم پلیئرز اے بی ڈی ویلیئرز کا سہارا لے لیا۔

پی ایس ایل کے قواعدوضوابط کے مطابق ہر 16رکنی اسکواڈ میں پلاٹینیم، ڈائمنڈ اور گولڈ کیٹیگری کے 3،3 جبکہ 5سلور اور 2ایمرجنگ کرکٹرز شامل کیے جاتے ہیں، ٹریڈنگ ونڈو بند ہونے کے بعد ہر فرنچائز کو زیادہ سے زیادہ 10کھلاڑی برقرار رکھنے کی اجازت تھی، تاہم سب نے 13نومبر کو اپنی سہولت کے مطابق حتمی فیصلے کرتے ہوئے 8سے 10تک کو فہرست میں شامل کیا۔

گزشتہ روز ہونے والے ڈرافٹ میں تمام ٹیموں نے پی سی بی کی جانب سے دی گئی 600سے زائد کرکٹرز کی فہرست میں سے اپنے 16رکنی اسکواڈز مکمل کرنے کیساتھ سپلیمنٹری پلیئرز بھی منتخب کرلیے جو کسی کھلاڑی کی انجری یا عدم دستیابی کی صورت میں طلب کیے جاسکیں گے۔

لاہور قلندرز نے 8کرکٹرز کو برقرار رکھا تھا، پلاٹینم کیٹیگری میں فخر زمان اور ڈائمنڈ میں یاسر شاہ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اینٹن ڈیوچ، راحت علی( گولڈ) ، شاہین شاہ آفریدی(ایمبیسیڈر) تنزلی کے بعد سلور جبکہ حسان خان، آغا سلمان، سہیل اختر (سلور) کو بھی شامل کرلیا گیا تھا۔ قلندرز نے کوئٹہ کیساتھ ٹریڈنگ کرتے ہوئے عمراکمل اور سنیل نارائن کے بدلے میں حسان خان اور راحت علی کو لیا تھا۔

ڈرافٹ میں لاہور نے پلاٹینم میں اے بی ڈی ویلیئرز اور محمد حفیظ، ڈائمنڈ میں کارلوس بریتھ ویٹ اور کورے اینڈرسن، گولڈ میں سندیپ کلامی چین، سلور میں حارث سہیل جبکہ ایمرجنگ پلیئرز میں محمد عمران اور عمیر مسعود کو منتخب کیا۔

سابق ملتان سلطانز اور موجودہ پی ایس ایل کی ''چھٹی ٹیم'' میں 8کرکٹرز برقرار رکھے، پلاٹینم کیٹیگری میں صرف شعیب ملک (کپتان) کو دوبارہ بھی شامل رکھا گیا، محمد عرفان پلاٹینم سے تنزلی کے بعد ڈائمنڈ کیٹیگری میں ایمبیسیڈر کے طور پر رکھا گیا، جنید خان بھی اسی کیٹیگری میں رکھے گئے، شان مسعود (گولڈ)، محمد عباس، محمد عرفان خان اور عمر صدیق (سلور) اور محمد جنید (ایمرجنگ) کیٹیگری میں لیے گئے۔


ڈرافٹ میں ''چھٹی ٹیم'' کی جانب سے پلاٹینیم کیٹیگری میں شاہد آفریدی اور اسٹیون اسمتھ کو چنا، جنید خان، جوئے ڈینلی (ڈائمنڈ)، قیس احمد، نکولس پوران(گولڈ)، لاری ایونز، نعمان علی (سلور) جبکہ محمد الیاس (ایمرجنگ) کیٹیگری میں منتخب کیے گئے۔

گزشتہ برس کی فاتح ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ نے سب سے زیادہ 10کرکٹرز کو برقرار رکھا، پلاٹینم کیٹیگری میں شامل تینوں کھلاڑی لیوک رونکی، شاداب خان اور فہیم اشرف، محمد سمیع اورآصف علی(ڈائمنڈ)، رومان رئیس (ڈائمنڈ سے گولڈ تنزلی)، حسین طلعت(سلور، ایمبیسیڈر)، صاحبزادہ فرحان، ظفرگوہر اور وقاص مقصود(سلور) بھی موجود رہے۔ اسلام آباد نے ای ڈرافٹ میں این بیل (ڈائمنڈ)، سمت پٹیل اور فل سالٹ (گولڈ)، کیمرون ڈیلپورٹ (سلور) جبکہ موسیٰ خان اور ناصر نواز (ایمرجنگ) کا انتخاب کیا۔

کراچی کنگز نے 8کرکٹرز کو برقرار رکھا تھا، پلاٹینم کیٹیگری میں محمد عامر، بابر اعظم اور کولن منرو، کولن انگرام (ڈائمنڈ، ایمبیسیڈر)، عثمان خان شنواری، عماد وسیم(ڈائمنڈ)، روی بوپارا اور محمد رضوان(گولڈ) کو بھی برقرار رکھا گیا۔ کراچی نے ڈرافٹ میں سکندر رضا (گولڈ)، اویس ضیاء، سہیل خان، اسامہ میر، ایرون سمرز اورافتخار احمد (سلور) جبکہ علی عمران اور ابرار احمد (ایمرجنگ) کیٹیگری میں منتخب کیے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 9 کرکٹرزکو برقرار رکھا تھا، کپتان سرفراز احمد کیساتھ، ٹریڈنگ میں حاصل ہونے والے سنیل نارائن کو پلاٹینم کیٹیگری میں شامل ہیں، آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن(مینٹور اور ڈائمنڈ پلیئر لیے گئے، ملتان سلطانز سے حاصل کیے جانے والے سہیل تنویرکیساتھ محمد نواز(ڈائمنڈ)، رلی روسو (ایمبیسیڈر،گولڈ)، عمراکمل (گولڈ)، انور علی اور سعود شکیل (سلور) کو بھی برقرار رکھا گیا، انور علی کی گولڈ سے تنزلی ہوئی۔کوئٹہ نے ڈرافٹ میں ڈیوائن براوو (پلاٹینیم)، فواد احمد (گولڈ) محمد اصغر، دانش عزیز، احسن علی (سلور) جبکہ غلام مدثر اور نسیم شاہ (ایمرجنگ)کیٹیگری میں چنے۔

پشاور زلمی نے 8کو برقرار رکھا تھا، پلاٹینیم کیٹیگری میں صرف پیسرز وہاب ریاض اور حسن علی کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ڈیرن سیمی (ڈائمنڈ) اور کامران اکمل( ایمبیسیڈر، ڈائمنڈ) بھی شامل ہیں، لیام ڈاسن (گولڈ)، عمید آصف،خالد عثمان(سلور)اور ثمین گل(ایمرجنگ) بھی برقرار رکھے گئے، کامران اکمل کی تنزلی ہوئی لیکن ایمبیسیڈر بنادیا گیا، احمد شہزاد سپلیمنٹری پلیئر کے طور پر شامل کرلیے گئے۔

ڈرافٹس میں پشاور نے کیرون پولارڈ (پلاٹینیم)، مصباح الحق (ڈائمنڈ)، ڈیوڈ میلان، عمر امین (گولڈ)، وائن میڈسن، صہیب مقصود، جمال انور (سلور) جبکہ ثمین گل، نبی گل (ایمرجنگ) کیٹیگری کیلیے منتخب کیے۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14فروری کو رنگارنگ افتتاحی تقریب کیساتھ یواے ای میں ہوگا۔

 
Load Next Story