نقصان کا ڈھنڈورا پیٹنے والی پی ایس ایل فرنچائزز سے آڈٹ رپورٹس طلب

اسپانسر شپ شیئر میں اضافے کیلیے اسلام آباد میں اجلاس کے دوران گرما گرم بحث متوقع


Saleem Khaliq November 21, 2018
اسپانسر شپ شیئر میں اضافے کیلیے اسلام آباد میں اجلاس کے دوران گرما گرم بحث متوقع فوٹو:فائل

پی سی بی نے نقصان کا ڈھنڈورا پیٹنے والی پی ایس ایل فرنچائزز سے آڈٹ رپورٹس طلب کر لی، اسپانسر شپ شیئر میں اضافے کیلیے بدھ کو اسلام آباد میں شیڈول اجلاس کے دوران گرما گرم بحث متوقع ہے۔

موجودہ طریقہ کار کے تحت پی ایس ایل ٹائٹل اسپانسر شپ سمیت ہر ڈیل سے جو بھی رقم ملے اس کا آدھا حصہ پی سی بی اور باقی تمام فرنچائزز کو ملتا ہے، حال ہی میں بورڈ نے ایک بینک کے ساتھ 14.30 ملین ڈالر کا ٹائٹل اسپانسر شپ معاہدہ کیا ہے۔ فرنچائزز کو اعتراض ہے کہ اس کا آدھا حصہ بھی پی سی بی کے حصے میں چلا جائے گا۔

چونکہ انھوں نے بھاری سرمایہ کاری کی لہذا ان کو زیادہ رقم ملنی چاہیے، ویسے بھی وہ اب تک خسارے کا ہی شکار ہیں۔ اس حوالے سے بدھ کو اسلام آباد میں گورننگ کونسل اجلاس میں تبادلہ خیال ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: اسپانسر شپ ڈیل میں فرنچائزز کو بورڈ کا آدھا حصہ کھٹکنے لگا

دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی کو ایسا نہیں لگتا کہ تمام فرنچائزز کو مالی خسارہ ہوا ہے، حکام کی رائے کے مطابق بعض کو تو پہلے ایڈیشن میں بھی فائدہ ہوا تھا، اسی لیے سب سے کہا گیا کہ وہ اپنے اکاؤنٹس کی آڈٹ رپورٹس پیش کریں پھر درخواست پر غور کیا جائے گا، اس پر بھی فرنچائزز آمادہ نہیں ہیں۔

براڈ کاسٹنگ ڈیل کا ٹینڈر رواں ماہ کے اواخر میں کھلے گا،اس میں سے 80 فیصد حصہ فرنچائزز اور باقی پی سی بی کا ہوتا ہے، اس حوالے سے بھی ردوبدل خارج از امکان نہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ چونکہ فرنچائزز کے پاس آمدنی کے دیگر بڑے ذرائع موجود نہیں لہذا وہ اسپانسر شپ اور براڈ کاسٹنگ کی رقم پر ہی انحصار کرتی ہیں۔

مرکزی پول میں جمع ہو کر رقم پاس پہنچنے تک ان کا حصہ کم ہو چکا ہوتا ہے، ڈالر کی قیمت کو پر لگنے سے بھی اونرز پریشان ہیں، ان کے معاہدے ڈالرز میں ہی تھے لہذا اب سب کو فیس کی مد میں زیادہ رقم ادا کرنا پڑے گی۔ بعض فرنچائزز مستقبل میں پاکستانی روپے میں ہی ادائیگی کی شق شامل کرانے پر بھی غور کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل گورننگ کونسل میں چیئرمین بورڈ احسان مانی کے ساتھ سی او او سبحان احمد، سی ایف او بدر منظور خان، سینئر جی ایم مارکیٹنگ صہیب شیخ، جنرل منیجر لیگل سلمان نصیر، ہیڈ آف پلیئر ایکویزیشن اینڈ مینجمنٹ پی ایس ایل عمران احمد خان اور تمام فرنچائز اونرز شامل ہیں۔پروجیکٹ ڈائریکٹر نائلہ بھٹی بھی اس کا حصہ تھیں مگر اب وہ مستعفی ہو چکیں اور مزید چند روز ہی پی سی بی کیلیے کام کریں گی، نائلہ کی ٹانگ میں فریکچر ہے،اسی لیے وہ منگل کو ڈرافٹ کے موقع پر بھی موجود نہیں تھیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں