ماریا شراپووا بھی باہر خطرناک کورٹ لے ڈوبا

ڈبلز میں ثانیہ مرزا کا کامیاب آغاز،مینز سنگلز میں لیٹن ہیوٹ کی ہمت جواب دے گئی، اینڈی مرے نے دوسرا مرحلہ عبور کرلیا۔


AFP/Sports Desk June 27, 2013
ومبلڈن :روسی ٹینس اسٹار ماریا شراپووا پرتگالی حریف ڈی بریٹو کیخلاف گیند ریٹرن کررہی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

لاہور: ومبلڈن سے سابق چیمپئن ماریا شراپووا بھی باہر ہوگئیں، خطرناک کورٹ انھیں لے ڈوبا، دو مرتبہ گرنے کے بعد طبی امداد بھی لینا پڑی۔

روسی اسٹار کو دوسرے راؤنڈ میں پرتگالی کوالیفائر مچیلا ڈی بریٹو نے غیرمتوقع طور پر 6-3، 6-4 سے شکست دی،فاتح پلیئرکی عالمی درجہ بندی میں 131ویں پوزیشن ہے، ان سے قبل سیکنڈ سیڈ وکٹوریا آذرنیکاگھٹنے کی انجری کے سبب ایونٹ سے باہر ہوچکی ہیں، اینا ایوانووک کو جواں سال کینیڈین پلیئر ایوگینے بوچارڈ نے ٹھکانے لگا دیا، مینز سنگلز میں اینڈی مرے نے دوسرا مرحلہ عبور کرلیا، لیٹن ہیوٹ کی ہمت جواب دے گئی،رافیل نڈال کے باہر ہونے کے بعد نکولس الماگرو اور فرنانڈو ورڈاسکو نے اسپین کی مہم سنبھال لی، دونوں پلیئرز نے تیسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی،بھارتی ٹینس کوئن ثانیہ مرزا اور جنوبی افریقی جوڑی دار لیزل ہوبر نے ویمنز ڈبلز کے پہلے راؤنڈ میں جمہوریہ چیک کی پلیئرز رینیٹا ووراکووا اور کارلا زاکاپولوا کو6-3، 3-6 اور6-1 سے مات دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ومبلڈن میں بدھ کو تھرڈ سیڈ اور 2004 کی چیمپئن ماریا شراپووا ناکام ہو گئیں،انھیں پرتگالی کوالیفائر مچیلا ڈی بریٹو نے غیرمتوقع طور پر 6-3، 6-4 سے زیر کیا،ڈی بریٹو 2009 میں بطور 16 سالہ پلیئر ٹینس کورٹس میں زور سے چیخنے چلانے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بننے پر شہ سرخیوں میں آئی تھیں، حریفوں نے کہا تھا کہ ان کا انداز کھیل کے منافی ہے، اس تنازع کے بعد وہ عالمی منظرنامے سے غائب اور رینکنگ بھی تنزلی سے دوچار رہیں لیکن بولیٹیری اکیڈمی میں صلاحیتوں کو نکھارنے کے بعد دوبارہ عالمی ٹینس میں قدم رکھا ہے، اس اکیڈمی میں ماریا شراپووا بھی زیرتربیت رہ چکی ہیں، ماریا دوران میچ کورٹس پر موجود پھسلن کے سبب دو مرتبہ گریں جس کے لیے انھیں میڈیکل ٹائم آؤٹ بھی لینا پڑا تھا۔



ان سے قبل سیکنڈ سیڈ وکٹوریا آذرنیکاگھٹنے کی انجری کے سبب ایونٹ سے باہر ہوچکی ہیں،سابق ورلڈ نمبرون اینا ایوانووک کو کینیڈا کی ایوگینی بوچارڈ نے ٹھکانے لگایا، وہ ومبلڈن گرلز کی موجودہ چیمپئن بھی ہیں، انھوں نے 12 سیڈ سرب پلیئر کیخلاف63 منٹ کے کھیل میں 6-3، 6-3 سے فتح پائی، ایناایوانووک 2007 میں ایونٹ کے سیمی فائنلز تک رسائی میں کامیاب رہی تھیں، بوچارڈ پہلی مرتبہ آل انگلینڈ کلب کے مین ڈرا میں شامل ہوئیں، ڈنمارک کی کیرولین ووزینسکی کی کہانی بھی دوسرے راؤنڈ میں ختم ہوگئی، انھیں جمہوریہ چیک کی کوالیفائر پیٹرا سیٹکووسکا نے 6-2، 6-2 سے زیر کیا۔ جمہوریہ چیک کی لوسیا سفارووا کو اطالوی حریف کیرن کینپ نے 4-6، 6-4، 6-4 سے شکست دے دی، 8 سیڈ جمہوریہ چیک کی پیٹراکیوٹوا کے مدمقابل آنے والی قازقستان کی یاروسیلوا شیوڈووا دستبردار ہوگئیں، دیگر سیکنڈ راؤنڈ مقابلوں میں پیورٹو ریکو کی مونیکا پوئگ نے اسپینش حریف سیلویا سلر کو6-2، 5-7 اور 6-4 سے پچھاڑ کر سفر جاری رکھا۔

19 سیڈ اسپین کی کارلا سواریز نیوارو نے کروشین کھلاڑی میرجینا لوسیک کیخلاف 1-6، 6-3 اور6-3 سے غلبہ پایا، فرانس کی آلیز کورنیٹ نے چائنیز تائپے کی سو وائی ہائش کو 6-3، 6-2 سے زیر کرلیا، ایکٹرینا ماکارووا نے اسپین کی گاربین مگروزا کو 6-2، 7-6 اور 6-4 سے مات دی۔ دوسری جانب مینز سنگلز میں برطانوی اسٹار اینڈی مرے نے چائنیز تائپے کے ین ہوشن لو کو 6-3، 6-3 اور 7-5 سے مات دیکر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی،آسٹریلیا کے اسٹار پلیئر لیٹن ہیوٹ کا قصہ بھی دوسرے راؤنڈ میں تمام ہوگیا، انھیں جرمن کوالیفائر ڈسٹن براؤن نے مات دے دی، اس طرح 2002 کے چیمپئن ہیوٹ کی واپسی پر عمدہ متاثر کن کھیل کا سلسلہ بھی تھم گیا، لمبی زلفوں والے جمیکن نژاد کھلاڑی نے بھرپور شاٹس کھیلتے ہوئے تجربہ کار آسٹریلوی حریف کو 6-4،6-4، 6-7 (3/7)اور 6-2 سے قابو کیا،عالمی درجہ بندی میں 70ویں پوزیشن پر فائز ہیوٹ نے انجری اورآپریشن کے دو برس بعد کھیل میں واپسی اختیارکی تھی۔

ایسٹبورن وارم اپ ایونٹ میں انھوں نے سیمی فائنل تک رسائی پائی اور ومبلڈن کی پہلی آزمائش میں11 سیڈ سوئس پلیئر اسٹینسلس واورنیکا کو ہرایا تھا،جوئے ولفریڈ سونگا انجری مسائل کے سبب ومبلڈن سے باہر ہونے والے ساتویں پلیئر بنے، 6سیڈ پلیئرکو لٹویا کے ارنسٹ گلبز کیخلاف گھٹنے کی انجری کے سبب میچ ادھورا چھوڑنا پڑگیا، سونگا نے پہلا سیٹ 6-3 سے جیتا لیکن دیگر دوسیٹس میں اسی مارجن سے ناکامی کے بعد کورٹ چھوڑنا ہی بہتر خیال کیا، 15 سیڈ نکولس الماگرو نے فرنچ حریف گولیم روفن کیخلاف 7-5، 6-7، 6-3 اور 6-4 سے فتح پائی، دوسرے ہموطن فرنانڈو ورڈاسکو نے فرانس کے جولین بینیٹو کا قصہ تمام کردیا، ان کی جیت کا اسکور 7-6، 7-6 اور 6-4 رہا، سربیا کے وکٹر ٹروسکی نے روسی حریف آندرے کوزینٹسوف کو 6-4،6-3 اور 6-4 سے قابو کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |