قومی ہاکی کوچ کی ورلڈکپ کیلیے قوم سے دعا کی اپیل

کھلاڑی بھارت میں کیریئر کا بہترین کھیل پیش کرنے کے لئے بھی پرعزم ہیں، ریحان بٹ


Sports Desk November 22, 2018
کھلاڑی بھارت میں کیریئر کا بہترین کھیل پیش کرنے کے لئے بھی پرعزم ہیں، ریحان بٹ

قومی ہاکی ٹیم کے کوچ ریحان بٹ نے ورلڈکپ کے لیے قوم سے دعا کی اپیل کر دی۔

پاکستان ہاکی ٹیم منیجمنٹ نے ورلڈ کپ کے لئے قوم سے دعا کی اپیل کر دی، قومی ٹیم کے کوچ ریحان بٹ کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے کے لئے بھارت جا رہی ہے، گرین شرٹس کی تیاریاں بھرپور ہیں، کھلاڑی بھارت میں کیریئر کا بہترین کھیل پیش کرنے کے لئے بھی پرعزم ہیں تاہم یہ میری پوری کا پوری قوم سے اپیل ہے کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے، عالمی کپ کے مقابلوں کے دوران گرین شرٹس کو بھرپور سپورٹ کریں اور اس کی کامیابی کے لئے بھرپور دعائیں کریں۔

ریحان بٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی پاکستان کا واحد کھیل ہے جس نے سب سے زیادہ پاکستان کو انٹرنیشنل مقابلوں میں ٹائٹلز جتوائے، گرین شرٹس چار بار عالمی چیمپئن تین بار اولمپکس سمیت دنیا کے تمام ٹائٹلز اپنے نام کرچکے ہیں، ایک بار پھر کھلاڑی بھارت میں عمدہ کارکردگی دکھانے کے لیے پرامید ہیں۔

ایک سوال پر قومی کوچ نے کہا کہ ہمارا پہلا میچ مضبوط حریف جرمنی کے ساتھ ہے ،میچ میں کامیابی کی صورت میں نہ صرف کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا بلکہ وہ دوسرے میچز میں بھی بھرپور طریقے سے ایکشن میں دکھائی دے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایشین اسٹائل ہی ہمارا اصل ہتھیار ہے، اسی اسٹائل کو اپناکرعالمی کپ کے میچز کے نتائج اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں