حکومت گرانا نہیں چاہتے لیکن قوم کو یوٹرن کی قیمت ادا کرنا پڑرہی ہے احسن اقبال

عمران خان کے وزیراعظم بننے کی ٹریننگ قوم کو مہنگی پڑرہی ہے، رہنما مسلم لیگ (ن)

عمران خان کی پوری کوشش ہے کہ وہ سیاسی شہید بن جائیں، رہنما مسلم لیگ (ن) - فوٹو: سوشل میڈیا

مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ہم حکومت گرانا نہیں چاہتے لیکن عمران خان کے سو دن سو یوٹرن ثابت ہوئے اور قوم کو روزانہ ان یوٹرن کی قیمت ادا کرنی پڑرہی ہے۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 2013 میں پوری دنیا پاکستان کو خطرناک ملک قرار دیتی تھی لیکن ہم نے دنیا کو یہ ثابت کیا تھا پاکستانی قوم اپنے وسائل سے توانائی بحران کو شکست دے سکتی ہے اور یہ تصویر پیش کی تھی کہ پاکستان کی مارکیٹ دنیا کی پرکشش ترین ہے اور یہاں سرمایہ کاری ہوسکتی ہے جب کہ ہم نے دنیا کو بتایا کہ پاکستان نے بہادری کے ساتھ دہشت گردی کو شکست دی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان کو سب سے تیز ترقی کرنے والے معاشی ممالک کی فہرست میں شامل کیا لیکن عمران خان کی قیادت میں سیاسی سازش کے ذریعے ہماری کامیابی کو ناکام بنایا گیا، دھاندلی زدہ انتخابات کے ذریعے عمران خان کو اس قوم پر مسلط کرکے ترقی کے تسلسل کو توڑ دیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ اس وقت حکومت نے پاکستان کے حوالے سے دنیا بھر میں منفی پروپیگنڈا شروع کررکھا ہے، ہمیں خدشہ ہے کہ ہمارے 5 سال کی محنت پر پانی پھرجائے گا۔ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کہتے تھے، سی پیک منصوبوں میں کرپشن ہوئی، میں انہیں کہتا ہوں اب ایف آئی اے اور نیب کو استعمال کرو جو تمہارے اشاروں پر چلتی ہے اور بتاو کہ کہاں کرپشن ہوئی ہے۔


احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاتھ صاف ہیں، ہم آپ کی دھمکیوں سے نہیں ڈرنے والے نہیں، البتہ آپ اپنی ناکامیوں پر ہماری گرفتاریوں کے ذریعے پردہ ڈالیں گے یا اپنی نااہلی کو اپوزیشن کے خلاف تنقیدی زبان سے چھپا لیں گے تو یہ آپ کی بھول ہے، ہم آپ کو چھپنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپوزیشن پر انگلیاں اٹھاتے لیکن وہ اپنے گریبان میں جھانکیں، کرپشن کے سب مگر مچھ پی ٹی آئی کی چھتری کے نیچے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک پر مہنگائی کا جو پہاڑ گرایا گیا اس کے پیچھے پی ٹی آئی حکومت کی ناتجربہ کاری ہے، عمران خان صرف قوم کو بیوقوف بنارہے ہیں، وہ کہتے تھے کہ خودکشی کرلوں گا لیکن آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا، عمران خان کے سو دن سو یوٹرن ثابت ہوئے، ہم ان کو حکومت کرنے دینا چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ آپ کا دھوکا پوری قوم کے سامنے آئے لیکن قوم کو روزانہ ان یوٹرن کی قیمت ادا کرنی پڑرہی ہے، آپ کے وزیراعظم بننے کی ٹریننگ اس قوم کو بہت مہنگی پڑرہی ہے۔

سابق وزیراعظم نوازشریف سے متعلق پوچھے گئے سوال پر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ نوازشریف معمولی لیڈر نہیں وزیراعظم رہ چکے ہیں، وہ وقت آنے پر بولیں گے اور جب بولیں گے تو یو ٹرن نہیں لیں گے اور ہم نہیں چاہتے کہ حکومت لوگوں کو یہ تاثر دے کہ اپوزیشن ہمیں حکومت نہیں کرنے دے رہی، ہم موجودہ حکومت کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے ہم انہیں پورا موقع دیں گے وہ اپنے وعدے پورے کرے۔

Load Next Story