اسکولوں کی فیس تفصیلات آن لائن کرنے کا فیصلہ

والدین ایک کلک پر معلومات حاصل کرسکیں گے، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن


صبا ناز November 23, 2018
والدین ایک کلک پر معلومات حاصل کرسکیں گے، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن۔ فوٹو: فائل

محکمہ تعلیم نے نجی اسکولوں سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا،تاریخ میں پہلی بار محکمہ تعلیم کے ذیلی ادارے ڈائریکٹریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کی ویب سائٹ پر تمام نجی اسکولوں کے فیس اسٹرکچرکوآن لائن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سندھ میں نجی اسکولوں کی فیس کے معاملے پر محکمہ تعلیم کا اہم فیصلہ کرلیا، تاریخ میں پہلی بارسندھ بھر کے تمام نجی اسکولوں کا فیس اسٹرکچر آن لائن کیا جائے گا، سندھ میں رجسٹرڈ 12 ہزار 500 نجی اسکولوں کے نہ صرف فیس اسٹرکچر والدین کو محکمہ تعلیم کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گے بلکہ کون سا اسکول کس مد میں کتنی فیس وصول کررہا ہے یہ تفصیلات بھی ویب سائٹ پر میسر آئیں گی۔

سیکریٹری اسکول ایجوکیشن قاضی شاہد پرویز نے ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں کو فیس کے لحاظ سے 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے درجے (کیٹگری) میں لوئر کلاس اسکول جن کی فیس چند سو روپے ہے، دوسرے درجے (کیٹگری) میں مڈل کلاس اسکول جن کی فیس 2ہزار سے 22 ہزار تک ہے اور تیسرے درجے (کیٹگری) میں 22 ہزار سے اوپر فیس لینے والے اسکول شامل ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ میڈیم کلاس اور اپر کلاس اسکولوں کی ریگولیشن پر کڑی نظر ہے اپر کلاس اسکول سوسائٹی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں اور اہم کردار ادا کررہے ہیں، سوسائٹی کو پڑھا لکھا بنارہے ہیں لیکن یہ بگاڑ پیدا نہ کریں، نجی اسکول ٹیوشن فیس کہہ کر جان چھڑالیتے تھے جس کا اب حل نکالا ہے کہ محکمہ تعلیم کی ویب سائٹ پر نجی اسکولوں کا منظور شدہ فیس اسٹرکچر ہی نہیں بلکہ اسکول کس ضمن میں کیا کیا فیس وصول کررہا ہے تمام تفصیلات ویب سائٹ پر موجود ہوںگی، والدین ایک کلک پر معلوم کرسکیں گے کہ ان کے بچے کا منظور شدہ فیس اسٹرکچر کیا ہے، اور اگر کوئی اسکول منظور شدہ فیس سے اضافی فیس وصول کرے گا تو ہمیں اطلاع دی جائے۔

سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ مذکورہ فیصلے پر عمل درآمد کے لیے ڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کو ہدایت دی جاچکی ہے اور2سے 3ماہ میں اس فیصلے کے عملی نتائج ظاہرہونا شروع ہوجائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں