جنوبی وزیرستان اور باجوڑ میں بم دھماکے 4 افراد جاں بحق

پہلا دھماکا انگوراڈہ بازارمیں پراپرٹی کے دفترمیں ہوا، 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک،اے سی وانا کی تصدیق، سرچ آپریشن

باجوڑکے علاقے چینار چہارمنگ میں ریموٹ کنٹرول بم سے گاڑی کونشانہ بنایاگیا جس میں سوار امان اللہ اورگلبدین چل بسے۔ فوٹو: فائل

جنوبی وزیرستان اور باجوڑ میں 2 الگ الگ بم دھماکوں میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 10 شدید زخمی ہو گئے جن میں سے 2 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

پہلا دھماکا گزشتہ روز جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں واقع پراپرٹی کے دفتر میں صبح 9 بجے کے قریب ہوا جس میں 2 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 10 کے قریب زخمی ہوئے جنہیں شولام کے اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں 2 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔


ادھر اسسٹنٹ کمشنر وانا فہد اللہ نے مذکورہ واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وقوعہ والے علاقے کو فورسز نے گھیرے میں لے کرسر چ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

دوسری جانب نماز مغرب کے بعد باجوڑ کے علاقے چینار چہارمنگ میں کچہ سڑک کے کنارے ریموٹ کنٹرول بم دھماکا اس وقت ہوا جب مقامی افراد امان اللہ اور گل بدین کار میں جارہے تھے۔ دونوں موقع پرچل بسے، گاڑی بھی تباہ ہوگئی۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

تحصیلدار ناواگئی عبدالحسیب خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے تحقیقات کا آغاز کر دیاہے۔
Load Next Story