ڈاکٹر شاہد مسعود کو پی ٹی وی کرپشن کیس میں گرفتار کرلیا گیا

شاہد مسعود نے جعلی کمپنی کے ساتھ کرکٹ میچز کے نشریاتی حقوق کا معاہدہ کیا، وکیل پی ٹی وی


ویب ڈیسک November 23, 2018
جعلی کمپنی کو معاہدے کے وقت 3 کروڑ 70 لاکھ کی فوری ادائیگی کی گئی، وکیل پی ٹی وی

ایف آئی اے نے اینکرپرسن ڈاکٹر شاہد مسعود کو پی ٹی وی کرپشن کیس میں گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق معروف اینکر پرسن ڈاکٹر شاہد مسعود کو پی ٹی وی کرپشن کیس میں گرفتار کرلیا گیا، پی ٹی وی کرپشن کیس میں ڈاکٹر شاہد مسعود کو ضمانت خارج ہونے کے بعد فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے انہیں گرفتار کیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے ڈاکٹر شاہد مسعود کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کے احکامات جاری کیے، دوران سماعت پی ٹی وی کے وکیل محمد نذیر جواد کا کہنا تھا کہ شاہد مسعود نے جعلی کمپنی کے ساتھ کرکٹ میچز کے نشریاتی حقوق کا معاہدہ کیا، کمپنی لاہور میں کیٹرنگ اور دیگوں کا کام کرتی تھی، جعلی کمپنی کو معاہدے کے وقت 3 کروڑ 70 لاکھ کی فوری ادائیگی کی گئی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ پی ٹی وی کرپشن کیس میں ڈاکٹر شاہد مسعود کی عبوری ضمانت منظور

وکیل پی ٹی وی نے کہا کہ اس کیس میں پی ٹی وی کے کاشف ربانی بھی شریک ملزم ہیں، جعلی کمپنی کو کاشف ربانی اور شاہد مسعود کے علاوہ کوئی نہیں جانتا تھا، شریک ملزم کاشف ربانی ضمانت مسترد کرنے پر 1 کروڑ 29 لاکھ روپے واپس کر چکے ہیں اور شریک ملزم روشن مصطفی گیلانی نے بھی 80 لاکھ روپے واپس کئے جب کہ شریک ملزم کہتے ہیں کہ باقی پیسے ڈاکٹر شاہد مسعود نے دینے ہیں۔

دوسری جانب شاہ خاور ایڈووکیٹ نے کہا کہ شاہد مسعود کا نام ایف آئی آر میں شامل نہیں تھا، انہوں نے لیگل ایڈوائزر کی تیار کردہ دستاویز پر دستخط کیے جب کہ انکوائری کمیٹی نے جعلی کمپنی سے معاہدے کا ذمہ دار شاہد مسعود کو قرار دیا حالانکہ شاہد مسعود کو انکوائری میں شامل ہی نہیں کیا گیا اور وہ مستعفی بھی ہو چکے تھے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر شاہد مسعود پر بطور چیئرمین پی ٹی وی کروڑوں روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں