
ایکسپریس نیوز کے مطابق کابینہ اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چینی سفارت خانے اور اورکزئی حملے سر پرائز نہیں ہیں، ہمیں پہلے سے خدشہ تھا کہ ایسا ہو سکتا ہے کیوں کہ چین کے ساتھ معاہدوں کے بعد کچھ طاقتوں کو فکر لاحق تھی، کچھ طاقتیں پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ہم چین کے ساتھ معاہدوں کو سامنے نہیں لاسکتے وہ خفیہ ہیں، سب کو پتہ ہے ایسے معاہدے کسی ملک اور پاکستان کے درمیان نہیں ہوئے لہذا ان معاہدوں کے بعد خدشات موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت مستحکم ہو رہی ہے اور پاکستان میں انتشار دیکھنے والوں نے ایسا کرنا تھا۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے چینی قونصل خانے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور رینجرز کی بہادری اور کارکردگی پر فخر ہے، انہوں نے چینی قونصل خانے پر حملے کی جامع تحقیقات کا بھی حکم دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور بحریہ عرب سے گہری ہے، پاکستان اور چین کے معاشی، اسٹریٹیجک تعلقات کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہوسکتی۔
اس خبر کو بھی پڑھیں؛ کراچی میں چینی قونصل خانے پرحملہ ناکام، تمام دہشت گرد ہلاک
بعد ازاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وزیراعظم نے چینی قونصل خانے پر حملے کے ساتھ ساتھ اورکزئی میں بم دھماکے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملہ ناکام بنانے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں، سیکیورٹی اہلکاروں نے جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنایا۔
I am absolutely clear both these attacks are part of a planned campaign to create unrest in the country by those who do not want Pakistan to prosper. Let there be no doubt in anyone's mind that we will crush the terrorists, whatever it takes. https://t.co/AhPpjsUGEq
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) November 23, 2018
عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے پورا یقین ہے دونوں حملے ملک میں میں بدامنی پھیلانے کی سوچی سمجھی سازش کے تحت کیا گیا اور ان حملوں میں وہ قوتیں ملوث ہیں جو پاکستان کی ترقی سے خوش نہیں تاہم کسی کے ذہن میں کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیے کہ ہم ہر قیمت پر ان دہشت گردوں کو شکست دیں گے۔
The failed attack against the Chinese Consulate was clearly a reaction to the unprecedented trade agreements that resulted from our trip to China. The attack was intended to scare Chinese investors and undermine CPEC. These terrorists will not succeed.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) November 23, 2018
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے چینی قونصل خانے پر ناکام حملہ ہمارے دورے کے نتیجے میں تجارتی معاہدوں کا ردعمل ہے اور اس حملے کا مقصد چینی سرمایہ کاروں کو خوفزد ہ کرنا اور سی پیک کو نقصان پہنچانا ہے تاہم دہشت گرد کبھی اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔