افغان آرمی بیس کی مسجد میں خود کش دھماکا 26 اہلکار ہلاک

ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی تعداد بتائی گئی تعداد سے کہیں زیادہ ہے، عینی شاہدین

خود کش دھماکا نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران ہوا۔ فوٹو : فائل

PESHAWAR:
افغانستان کے فوجی اڈے کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اُڑا لیا جس کےنتیجے میں 26 اہلکار ہلاک اور 25 زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے خوست میں واقع ایک فوجی اڈے کی مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے بڑی تعداد میں افسران اور سپاہی موجود تھے کہ زوردار دھماکا ہوگیا۔


خود کش دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 26 ہوگئی ہے، سرکاری میڈیا کے مطابق 25 اہلکار زخمی ہیں تاہم آزاد ذرائع زخمیوں کی تعداد 50 سے زائد بتا رہے ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں 6 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

افغان آرمی کی سیکنڈ رجمنٹ کے ترجمان کیپٹن عبداللہ کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کا تعلق ضلع مندوزئی کی سیکنڈ رجمنٹ سے ہے۔ خود کش دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی شدت پسند گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے سیرت النبیﷺ کی ایک تقریب میں خود کش دھماکے میں درجنوں افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
Load Next Story