آرمی چیف نے 11 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی

دہشت گرد مجموعی طور پر 26 افراد کی شہادت میں ملوث تھے، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک November 23, 2018
آرمی چیف نے جن دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کی وہ 26 افراد کی شہادت میں ملوث تھے، آئی ایس پی آر۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 11 دہشت گردوں کی سزائےموت کی توثیق کردی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 11 دہشت گردوں کی سزائےموت کی توثیق کردی ہے، جب کہ 22 دہشت گردوں کو مختلف مدت کی قید کی سزا بھی سنائی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان دہشت گردوں کے خلاف ملٹری کورٹ میں مقدمات چلائے گئے اور انہوں نے مجسٹریٹ کے روبرو اپنے جرائم کا اعتراف کیا، دہشت گردی کی بھیانک کارروائیوں میں ملوث ہونے پر فوجی عدالتوں نے سزا سنائی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سزائے موت پانے والے دہشت گردوں میں انور سلام، عرفان الحق، صاحب زادہ، نادر خان، عزت خان، امتیاز احمد، امیر زیب، بادشاہ عراق، اظہار احمد، اکبر علی، محمد عمران شامل ہیں۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے، اور یہ دہشت گردی کی سنگین وارداتوں میں ملوث تھے، دہشت گردی کی ان وارداتوں میں مجموعی طور پر 26 افراد شہید اور 22 زخمی ہوئے تھے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔