گنجان آباد علاقوں میں پانی کا بحران پانی کے ٹینکر مہنگے داموں فروخت

بڑی بلک لائنوں میں غیرقانونی کنکشن لگادیے گئے،واٹر بورڈافسران پانی چوری کا سراغ لگانے میں ناکام

بڑی بلک لائنوں میں غیرقانونی کنکشن لگادیے گئے،واٹر بورڈافسران پانی چوری کا سراغ لگانے میں ناکام۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
شہر کے کئی علاقوں میں کئی ماہ سے پانی ناپید ہے جب کہ گنجان آباد علاقوں میں پانی کے بحران کے باعث ٹینکر مافیا نے مہنگے داموں پانی کی فروخت شروع کردیا۔

ملک کے معاشی مرکز کراچی میں ہر گزرتے دن کے ساتھ قلت آب خطرناک صورت اختیار کرتی جارہی ہے، کہیں واٹربورڈ کے والو مین غیر منصفانہ تقسیم میں ملوث ہیں تو کہیں افسران پانی کے غیر قانونی کنکشن فراہم کرتے ہیں، ایسا بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ بڑی بلک لائنوں میں بھی غیر قانونی کنکشن لگادیے گئے اس تمام تر صورتحال کا خمیازہ شہری بھگت رہے ہیں جب شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا ہے تووہ احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔


لیاری ،گلستان جوہر ،گلزارہجری ،سرجانی ٹاؤن ، نارتھ کراچی ،نیو کراچی ، بلدیہ ٹاؤن،کیماڑی اور اولڈ سٹی ایریا کے علاقوں میں پانی کابحران جاری ہے ،شہر بھر میں کوئی ایسا دن نہیں گزرتا کہ جب پانی کی عدم فراہمی کے خلاف مظاہرہ نہ کیا جائے، ان مظاہروں میں شدید نعرے بازی بھی کی جاتی ہے لیکن حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی ، مظاہروں کے باعث سڑکوں پر بدترین ٹریفک بھی جام ہوتا ہے اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ جاتی ہیں۔

گزشتہ روز بھی قیوم آباد چورنگی پر پانی کی عدم فراہمی کے خلاف مظاہرہ کیا گیا،کورنگی اللہ والا ٹاؤن ، کورنگی کراسنگ اور قیوم آباد میں گزشتہ ایک ہفتے سے پانی کی فراہمی معطل ہے جس کے باعث علاقہ مکینوں نے قیوم آباد چورنگی پر جمعہ کی نماز کے بعد مظاہرہ کیا جس کے باعث کورنگی روڈ ، خیابان اتحاد ، بلوچ کالونی ایکسپریس وے ،کورنگی کراسنگ، جام صادق پل اور اس کے اطراف میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

مظاہرین نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے پانی کی فراہمی معطل ہے،شکایت کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی مجبور ہوکر قیوم آباد چورنگی پر مظاہرہ کررہے ہیں پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔
Load Next Story