پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا یہ کہنا درست ہے کہ امت مسلمہ کا ٹائی ٹینک جہاز ڈوب رہا ہے۔
ایک انٹرویو کے دوران عمران خان نے کہا کہ الیکشن سے قبل پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے الیکشن کمیشن سے متعلق جن خدشات کا اظہار کیا تھا وہ بھی درست تھے، ہمارے بحران ایسے ہیں كہ اگر ہم نے ان كا كوئی حل تلاش نہ كیا تو ہم تباہی اور اندھیرے كی جانب جائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ ہمیں اپنے آپ كو دھوكا نہیں دینا چاہئے اور قوم کے سامنے سچ لانا چاہئے، ہمیں ان حالات سے نكلنے كے لئے جائرہ لینا چاہئے كہ ہم نے كہاں غلطی کی ہے کیونکہ بہت سے قومیں ہم سے بھی برے حالات سے نكل كر ترقی كر چكی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم سے جھوٹ بولا گیا کہ یہ ہماری جنگ ہے حالانکہ اس جنگ میں کوئی پاکستانی ملوث ہی نہیں تھا، اب حکومت خود تسلیم کرتی ہے اس جنگ میں ملک کو 100 ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے اور امریکا نے صرف 15 ارب ڈالر امداد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تو امریكا نے بھی قطر میں طالبان كا دفتر كھلوا كر مذاكرات كا آغاز كیا ہے تو ہم كیوں طالبان سے مذاکرات نہیں كرسكتے۔
سابق آرمی چیف پرویز مشرف كے خلاف آرٹیكل 6 كے تحت مقدمہ چلائے جانے سے متعلق عمران خان نے کہا کہ جس نے بھی آئین توڑا ہے اس كے خلاف آرٹیكل 6 كے تحت كارروائی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے 6 ارب روپے سوئٹزرلینڈ میں پڑے ہوئے ہیں لیکن كوئی پوچھنے والا نہیں کیونکہ حکومت میں موجود کئی لوگوں کے پیسے بھی بیرون ملک پڑے ہوئے ہیں۔