ویسٹ انڈیز میں سہ ملکی کرکٹ ایونٹ آج شروع ہوگا

پہلے مقابلے میں میزبان کا سری لنکا سے ٹکراؤ، ایونٹ میں بھارتی ٹیم بھی شریک


AFP June 28, 2013
پہلے مقابلے میں میزبان کا سری لنکا سے ٹکراؤ، ایونٹ میں بھارتی ٹیم بھی شریک۔ فوٹو: فائل

ویسٹ انڈیز میں سہ ملکی کرکٹ ایونٹ جمعے کو شروع ہوگا ، پہلے مقابلے میں میزبان ویسٹ انڈیز کا ٹکراؤ سری لنکا سے ہونا ہے۔

دونوں ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی کی تلخ یادوں سے پیچھا چھڑا کر نیا سفر شروع کریں گی، بارش کا امکان موجود رہے گا، بھارت کا پہلا میچ ہفتے کو شیڈول ہے۔ تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان ٹرائنگولر سیریز کا پہلا میچ سبائنا پارک میں کھیلا جائے گا، اس وینیو پر سری لنکا دوسری مرتبہ میدان سنبھالے گا، اس سے قبل اس نے یہاں2007 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کا سامنا کیا تھا جس میں مہیلا جے وردنے کی ناقابل شکست سنچری نے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا تھا۔



چیمپئنز ٹرافی کے الگ گروپس میں ہونے کی وجہ سے ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کا باہمی مقابلہ بھی نہیں ہوا، ویسٹ انڈین ٹیم زیادہ بدقسمت ثابت ہوئی کیونکہ بارش شروع ہونے سے قبل کیرون پولارڈ کے آؤٹ ہونے سے آخری میچ ٹائی ہوگیا جبکہ بہتر رن ریٹ کی وجہ سے جنوبی افریقہ نے فائنل 4 میں جگہ بنالی۔

اب دونوں سائیڈز اس ایونٹ کی تلخ یادوں کو بھلا کر نئے سفر کی منتظر ہیں، بارش کے خطرے کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا تاہم میزبان کوچ اوٹس گبسن نے اپنی ٹیم کو توجہ صرف فیلڈ پر لڑی جانے والی جنگ پر دینے کی ہدایت دی ہے، انھوں نے کھلاڑیوں سے زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کو کہا۔

دوسری جانب سری لنکا کے کپتان انجیلو میتھیوز کا کہنا ہے کہ ہم نے چیمپئنز ٹرافی میں اچھی کرکٹ کھیلی، ہم نے انگلینڈ اور آسٹریلیا کو شکست سے دوچار کیا، اس لیے ہمارا اعتماد بلند ہے۔ادھر بھارتی ٹیم کے پاس اپنی چیمپئنز ٹرافی کی فتح سے لطف اندوز ہونے کیلیے ابھی مزید وقت موجود ہے، اس کا پہلا میچ ہفتے کو ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں