خالصتان کے قیام کے لیے سکھوں کی ریفرنڈم ٹوئنٹی 20 مہم جاری

وقت آگیا ہے کہ بھارتی قبضے سے مشرقی پنجاب کو آزاد کرایاجائے، سردار سربجیت بنور


آصف محمود November 24, 2018
ریفرنڈم ٹونٹی ٹونٹی بلٹ نہیں بیلٹ کے ذریعے ہوگا، سردار سربجیت بنور فوٹو: فائل

برطانیہ میں ریفرنڈم ٹوینٹی ٹوینٹی مہم چلانے والے سربجیت بنور نے کہا ہے وقت آگیا ہے کہ بھارتی قبضے سے پنجاب کو آزاد کرایاجائے۔

ننکانہ صاحب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سربجیت بنور نے کہا کہ پنجاب کو آزاد کرانے کے حوالے سے مہم زوروشورسے جاری ہے اور 2020 میں پنجاب کو آزاد کرانے کے حوالے سے ریفرنڈم ٹونٹی ٹونٹی ہوگا۔ جس کے لئے اگست میں پوری دنیا میں سکھوں کی ووٹ رجسٹریشن کا سلسلہ شروع ہوگا اور نومبر میں ریفرنڈم ہوگاجس میں بھارت سمیت دنیا بھر میں موجود سکھ برادری اپنا ووٹ کا حق استعمال کرے گی۔

سکھ رہنما نے کہا کہ پنجاب پر بھارت کا قبضہ ہے جسے آزاد کرانے کے لئے ریفرنڈم مہم کا آغازدہشت گردی یا جرائم سے متعلق نہیں ہے۔ ریفرنڈم ٹونٹی ٹونٹی بلٹ نہیں بیلٹ کے ذریعے ہوگا اور پنجاب کے لوگ اپناحق خود مختاری استعمال کرکے جمہوری عمل کو مکمل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم کے لئے پولنگ شمالی امریکہ، یورپ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، ملائیشیا، فلپائن، سنگاپور، کینیا اور مشرق وسطی کے ممالک اور ہندوستانی پنجاب میں ہو گی۔



باباگرونانک کے جنم دن کے موقع پر سکھوں کی کثیرتعداد نے ریفرنڈم ٹونٹی ٹونٹی کی ٹی شرٹس زیب تن کر رکھی تھیں جبکہ اس حوالے سے خصوصی اسٹال بھی لگایا گیا جہاں ریفرنڈم کے حوالے سے آگہی مہم چلائی گئی۔ پاکستان اور دوردراز سے آئے سکھوں نے ریفرنڈم کی حمایت کی اور کہا کہ بھارت پنجاب سے نکل جائے بصورت دیگر ووٹ کی طاقت استعمال کرکے بھارت کو بھاگنے پر مجبور کر دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔