وزیراعظم کے گھر کو ریگولرائز کرنے کیلئے کمیشن تشکیل دینے کا حکم

کمیشن بننے سے وزیراعظم کو نوٹس جاری کرنے والے شعبہ ون ونڈو کا اختیار معطل


ویب ڈیسک November 24, 2018
کمیشن بننے سے وزیراعظم کو نوٹس جاری کرنے والے شعبہ ون ونڈو کا اختیار معطل فوٹو:فائل

وزارت داخلہ نے وزیراعظم عمران خان کے بنی گالا گھر سمیت زون چار کے گھروں کو ریگولرائز کرنے کے لیے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو خصوصی کمیشن تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔

مجوزہ کمیشن کا سربراہ ڈائریکٹر ماسٹر پلان کو بنانے کی سفارش کی گئی ہے جس میں شعبہ اربن پلاننگ اور متعلقہ شعبوں کے افسران بھی شامل ہوں گے۔ کمیشن بننے سے وزیراعظم کو نوٹس جاری کرنے والے شعبہ ون ونڈو کا اختیار عارضی طور پر معطل ہوگا۔ وزارت داخلہ نے یہ اقدام وزیراعظم کو سی ڈی اے کا نوٹس جاری ہونے کے بعد اٹھایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گھر ریگولرائزیشن؛ عمران سمیت تمام درخواستیں نامکمل قرار

گزشتہ روز سی ڈی اے نے گھر ریگولر کرانے کے خواہش مند وزیراعظم عمران خان اور 165 دیگر افراد کی درخواستوں کو نامکمل قرار دے کر ان پر اعتراضات لگاکر نوٹس جاری کیے تھے۔ عمران خان نے گھر کے دو حصوں کے نقشوں سمیت 7 سے زائد دستاویزات جمع کرائی تھیں جن میں سے ایک بھی مکمل نہیں تھی۔

انہوں نے گھر کے فرد اور انتقال کے کاغذات بھی پرانے جمع کرائے جو ان کی سابق اہلیہ جمائما کے نام پر ہیں۔ وزیراعظم کو اپنے نام کا فرد و زمین کے انتقال کے تصدیق شدہ کاغذات جمع کرانے کا نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔