ایم ڈی پی سی بی کا عہدہ نعمان نیاز امیدواروں میں شامل

علاج کیلیے برطانیہ میں موجود پی ٹی وی ڈائریکٹرکا اسکائپ پر انٹرویو ہوگیا


Saleem Khaliq November 25, 2018
منیجنگ ڈائریکٹرکو22لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ دی جائے گی،ڈائریکٹرمیڈیا فائنل۔ فوٹو: فائل

ڈاکٹر نعمان نیاز ایم ڈی پی سی بی بننے کے امیدواروں میں شامل ہو گئے جب کہ علاج کے لیے برطانیہ میں موجود پی ٹی وی ڈائریکٹر کا اسکائپ پر انٹرویو ہو گیا۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے عہدہ سنبھالنے پر سیٹ اپ میں تبدیلی لانے کا عندیہ دیا تھا، عموماً سربراہان اپنے اختیارات بڑھاتے ہیں مگر انھوں نے نئی روایت قائم کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر کی پوسٹ تشکیل دی جو بیشتر اہم فیصلے کرے گا،ایم ڈی کیلیے چند روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے اشتہار جاری کیا تھا، اس پر 100 سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔

مناسب امیدواروں کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے، ان میں پی ٹی وی کے ڈائریکٹر اسپورٹس و سینڈیکیشن اور ہیڈ آف اسپورٹس ڈاکٹر نعمان نیاز بھی شامل ہیں،وہ 2001 میں بطور میڈیا منیجر پی سی بی میں فرائض انجام دے چکے اور پھر مستعفی ہو گئے تھے۔

صحافی و پروگرام ہوسٹ نعمان نیاز گزشتہ دنوں بون میرو ٹرانسپلانٹ کیلیے برطانیہ گئے اور اب بھی وہیں مقیم ہیں، جمعے کو ان کا اسکائپ کے ذریعے انٹرویو ہوا جس میں انھوں نے رواں ماہ کے اختتام پر واپسی کا بتایا،ان کے ساتھ موجود امیدواروں میں کوئی معروف شخصیت شامل نہیں ہے، اس حوالے سے آئندہ چند روز میں فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 49 سالہ ڈاکٹر نعمان نیاز ''چار گھنٹے'' کیلیے پی ٹی وی کے ایم ڈی بھی بن چکے، رواں برس جون میں ان کی تقرری کا اعلان چند گھنٹے بعد ہی واپس لے لیا گیا تھا۔ پی سی بی نئے ایم ڈی کو تقریباً 22 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ دے گا۔

دریں اثنا ڈائریکٹر میڈیا کے لیے ایک ''بڑے نام '' کو فائنل کرلیاگیا ہے،اپنے کام میں انتہائی ماہر آفیشل ان دنوں ایک بڑے ادارے میں خدمات انجام دے رہے ہیں،ان کیلیے 11 لاکھ روپے ماہانہ کا پیکیج تیار کیا گیا جو ان کی موجودہ ملازمت کی تنخواہ کا 50 فیصد ہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں