شہباز شریف کا اسلام آباد کے مقامی اسپتال میں طبی معائنہ

شہباز شریف کا سی ٹی اسکین کیا گیا اور خون کے نمونے لیے گئے

شہباز شریف کا سی ٹی اسکین کیا گیا اور خون کے نمونے لیے گئے فوٹو:فائل

نیب نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو اسلام آباد کے مقامی اسپتال منتقل کیا جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے افسران نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کو اسلام آباد کے مقامی اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کا طبی معائنہ کیا اور مزید ٹیسٹ کیے۔ شہباز شریف کا سی ٹی اسکین بھی کیا گیا جبکہ خون کے نمونوں کو ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھجوادیا گیا ہے۔ وہ تمام رپورٹس آنے تک اسلام آباد میں ہی قیام کریں گے جس کے بعد میڈیکل بورڈ اپنی سفارشات پیش کرے گا۔

صدر ن لیگ آشیانہ ہاؤسنگ کرپشن کیس میں گرفتار ہیں اور نیب لاہور کی حراست میں ہیں۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کےلیے وہ اسلام آباد میں موجود ہیں۔ دو روز قبل جمعے کو شہباز شریف کی میڈیکل رپورٹ میں کینسر کی علامات ظاہر ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔


یہ بھی پڑھیں: شہبازشریف کی میڈیکل رپورٹ میں کینسر کی علامات ظاہر ہونے کا انکشاف

گلے میں تکلیف کی بناء پر ان کا معائنہ کرایا گیا تو رپورٹ میں Chromogranin A کی کیفیت کی نشاندہی ہوئی۔ ان کے خون میں ایڈینو کار سنائیڈ نوڈیول کی مقدار 688 پائی گئی تاہم اس جزو کی جسم میں مقدار 100 تک ہونی چاہیے۔ ڈاکٹروں نے شہبازشریف کو فوری سی ٹی اسکین کرانے کا مشورہ دیا۔

واضح رہے کہ شہبازشریف پہلے بھی کینسر کے مریض رہ چکے ہیں تاہم وہ اس مرض سے صحت یاب ہوگئے تھے تاہم سرطان کے مریضوں میں دوبارہ مرض ظاہر ہونے کے امکانات موجود ہوتے ہیں۔
Load Next Story