سیاسی دہشتگردی کی بنیاد پر حکومت نہیں چلتی سراج الحق

حکومت اپنی اداؤں پر دوبارہ غور کرے اس میں جھول اور جذباتی پن موجود ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان


ویب ڈیسک November 25, 2018
حکومت اپنی اداؤں پر دوبارہ غور کرے اس میں جھول اور جذباتی پن موجود ہے، امیر جماعت اسلامی پاکستان فوٹو:ٹوئٹر

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاسی دہشتگردی کی بنیاد پر حکومت نہیں چلتی۔

لاہور میں خاتم الانبیا ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ہمیں امن کی ضرورت ہے اور حکومت کو اپنی کارروائیوں پر غور کرنا چاہیے جبکہ ملک میں کوئی محفوظ نہیں رہا، میں یوٹرن اور اباؤٹ ٹرن کی بات نہیں کرتا، بلکہ قوم سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کی بات کرتا ہوں، حکومت جو کام اپنی مدت کے آخر میں کرتی ہے وہ موجودہ حکومت نے آغاز میں ہی شروع کردیئے۔

سراج الحق نے کہا کہ کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملہ اور ہنگو میں دھماکا ہوا، ملک میں کوئی سیاسی لیڈر، افسر اور قونصل خانہ محفوظ نہیں، حکومت دوبارہ اپنی اداؤں پر غور کرے، کہیں جھول، دراڑیں اور جذباتی پن موجود ہے، جبکہ لڑائی جھگڑے، سیاسی دہشت گردی، لاٹھی گولی کی بنیاد پر کوئی حکومت نہیں چلتی۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ سیکولر طبقے کو اسلامی ممالک پر غالب نہیں ہونے دینگے، 71 سال گزر گئے لیکن ملک میں نہ اسلامی نظام نافذ ہوسکا اور نہ ہی عدالتی نظام اسلام کے مطابق ہے، 2 ہزار 222 ارب روپے بجٹ میں صرف سود کی ادائیگی کے لیے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ﷺ کے حوالے سے جنیوا میں بین الاقوامی کانفرنس منعقد کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں