چینی قونصل خانے پر حملے کے مزید سہولت کار گرفتار

دہشت گردوں نے کراچی کو سی پیک کے حوالے سے نشانہ بنانے کی کوشش کی،کراچی پولیس چیف


ویب ڈیسک November 25, 2018
قونصل خانے پر حملے کی تفتیش میں سی ٹی ڈی، پولیس اور رینجرز مل کر کام کررہے ہیں،امیرشیخ

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چینی قونصل خانے پر حملے میں ملوث مزید سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔

کراچی پولیس چیف امیر شیخ کی سربراہی میں پولیس افسران کا اہم اجلاس ہوا جس میں آئیڈیاز کی سیکیورٹی کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ کراچی پولیس چیف نے چینی قونصل خانے پر حملے کے بعد کامیاب آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ مزید گرفتار ہوئے ہیں جو دہشت گردوں سے رابطے میں تھے یا انہیں پناہ دینے والوں میں شامل تھے۔

امیر شیخ نے کہا کہ ملزمان سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا تاہم ان سے تفتیش کا عمل جاری ہے جب کہ دہشت گردوں نے کراچی کو سی پیک کے حوالے سے نشانہ بنانے کی کوشش کی اور تمام تفتیش میں سی ٹی ڈی، پولیس، رینجرز مل کر کام کررہے ہیں۔

دوسری جانب چینی قونصل خانے پر ناکام حملے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قونصل خانوں کا سیکیورٹی آڈٹ شروع کردیا، ذرائع کے مطابق سیکیورٹی آڈٹ پولیس، ایف سی و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہم آہنگی بڑھانے کیلئے کیا جارہا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: کراچی میں چینی قونصل خانے پرحملہ ناکام ، تمام دہشت گرد ہلاک

ایف سی حکام کے مطابق 18 سے زائد قونصل خانوں پر ایف سی سمیت دیگر اداروں کی سیکیورٹی تعینات ہے جب کہ 13 رہائش گاہ اور اسکولوں پر بھی رینجرز، پولیس سمیت دیگر اداروں کی سیکیورٹی موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چینی قونصل خانے پر حملے کے دو سہولت کار گرفتار

ایف سی حکام نے کہا کہ شہر بھر میں فارن سیکیورٹی پر ایف سی کے200 اہلکار جب کہ قونصلیٹ، اسکول اور رہائش گاہوں پر پولیس، رینجرز اور پرائیوٹ سیکیورٹی بھی تین شفٹوں میں تعینات ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔