ٹوئنٹی20وارم اپ میچز پاک بھارت جنگ سے ماحول گرمایا جائیگا

17 ستمبر کو آسٹریلیا،انگلینڈ سے نبرد آزما ہوگا، بنگلہ دیش آئرلینڈ سے مقابلہ کرے گا


Sports Desk August 19, 2012
17ستمبرکوکولمبومیں ٹکرائو ہوگا،ٹی وی پربراہ راست پیش کیا جانے والا واحد پریکٹس مقابلہ،گرین شرٹس19ستمبر کو انگلینڈ سے بھی دودوہاتھ کریں گے فوٹو فائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچز کا شیڈول جاری کردیا، پاک بھارت جنگ سے ماحول گرمایا جائے گا، ماضی کے ٹی20 چیمپئنز 17 ستمبر کو کولمبو میں ٹکرائیں گے، یہ ٹی وی پر براہ راست پیش کیا جانے والا واحد پریکٹس مقابلہ ہو گا، گرین شرٹس19 ستمبر کو انگلینڈ سے بھی دودوہاتھ کریں گے، میزبان سری لنکن ٹیم ویسٹ انڈیز اور بھارت کے ساتھ وارم اپ میچز کھیلے گی، مینز ایونٹ کا باقاعدہ آغاز 18ستمبر کو ہونا ہے، ویمنز پریکٹس میچز 22 اور 23 ستمبر کو کھیلے جائیں گے، پاکستان کا میزبان سری لنکن ویمنز ٹیم سے مقابلہ ہوگا۔

مینزکپتان محمد حفیظ 12 ستمبر کو میڈیا کا سامنے کریں گے، پاکستانی ٹیم کا اوپن میڈیا سیشن اگلے روز ہوگا، 14 ستمبر کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ہال آف فیم کاک ٹیل استقبالیہ کا اہتمام کیا جائے گا،15تاریخ کو 'کرکٹ آسکرز'آئی سی سی ایوارڈز تقریب سجائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئندہ ماہ سری لنکا میں شیڈول ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کیلیے مینز اور ویمنز وارم اپ میچز کا شیڈول جاری کردیا، میگا ایونٹ 18 ستمبر سے 7 اکتوبر تک جاری رہے گا18تاریخ سے شروع ہونے والے مینز ایونٹ کے مقابلے کولمبو، ہمبنٹوٹا اور پالے کیلی میں ہوں گے،26 ستمبر سے ویمنز ایونٹ کے گروپ اسٹیج میچز گال میںکھیلے جائیں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے میگا ایونٹ کیلیے ماحول گرمانے کی خاطر دنیا کرکٹ کے سب سے بڑے حریف پاکستان اور بھارت کا 17 ستمبر کو وارم اپ میچ طے کیا جو کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، یہ واحد وارم اپ میچ ہے جو ٹی وی پر براہ راست نشر ہو گا ۔ ایونٹ کا آغاز اگرچہ 18 ستمبر کو ہوجائے گا مگر پاکستان اپنا دوسرا پریکٹس میچ 19 ستمبر کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔13 ستمبر کو میزبان سری لنکا کا مقابلہ ویسٹ انڈیز جبکہ آئرلینڈ کا سامنا زمبابوے سے ہوگا، 15 ستمبر کو آسٹریلیا کا مقابلہ نیوزی لینڈ، بھارت کا سری لنکا اور بنگلہ دیش کا مقابلہ زمبابوے سے ہوگا، اسی روز افغانستان ٹیم سری لنکا اے سے پریکٹس سے میچ کھیلا گی۔

17 ستمبر کو آسٹریلیا،انگلینڈ سے نبرد آزما ہوگا، بنگلہ دیش آئرلینڈ سے مقابلہ کرے گا، نیوزی لینڈ کا جنوبی افریقہ اور افغانستان کا میچ ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔ ویمنز وارم اپ میچز میں پاکستان کا سری لنکا سے 22 ستمبر کو مقابلہ ہونا ہے۔آئی سی سی نے ورلڈ کپ سے قبل مختلف پروگرامز کی تفصیلات بھی جاری کردی ہیں، سری لنکا اور آئرلینڈ کے کپتان 10 ستمبر کو میڈیا کانفرنس کریں گے جبکہ پاکستانی قائد محمد حفیظ 12 ستمبر کو میڈیا کا سامنا کریں گے،ٹیم کا اوپن میڈیا سیشن13 ستمبر کو ہوگا، اس کیلیے کم سے کم تین کھلاڑیوں کو صحافیوں کے سوالات کا جواب دینے کیلیے حاضر ہونا ضروری ہے۔14 ستمبر کو آئی سی سی ہال آف فیم کاک ٹیل استقبالیہ دیا جائے گا جس میں ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا اعلان بھی کیا جائے گا،اگلے روز سالانہ ایوارڈز تقریب سجائی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں