برنس روڈ کی گلیوں میں مزید 70 غیر قانونی دکانیں گرادی گئیں

اگلی کارروائی لی مارکیٹ، کھوڑی گارڈن اورگارڈن میں ہوگی، کمشنر میٹروپولیٹن


ویب ڈیسک November 26, 2018
اگلی کارروائی لی مارکیٹ، کھوڑی گارڈن اورگارڈن میں ہوگی، کمشنر میٹروپولیٹن . فوٹو : ٹویٹر

برنس روڈ کی گلیوں میں مزید 70 سے زائد غیرقانونی دکانیں مسمار کردی گئیں۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے تجاوزات اور غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کے دوران برنس روڈ کی گلیوں میں مزید 70 سے زائد غیرقانونی دکانیں مسمار کردیں، غیرقانونی دکانیں گلیوں کی فٹ پاتھیں اور سڑکیں گھیر کر تعمیر کی گئی تھیں، رہائشی عمارتوں کے آگے تعمیر شدہ غیر قانونی احاطے بھی مسمار کردیے گئے، بیشتر دکانداروں اور مکینوں نے اپنی تعمیرات کو خود ہی گرادیا تھا۔

برنس روڈ کی بیشتر اندرونی گلیاں 50 سے 60 فٹ چوڑی تھیں تجاوزات اور غیرقانونی تعمیرات کی وجہ سے 15 سے 20 فٹ تک محدود کردی گئی تھیں، کارروائی کے دوران گھروں کے سامنے کمرے، باتھ روم اور دکانیں توڑدی گئیں جو غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تھیں۔

میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمن نے برنس روڈ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں جاری صفائی، سڑکوں گلیوں اور فٹ پاتھوں پر قائم غیرقانونی تعمیرات کے خاتمے کا جائزہ لیا اور کہا کہ علاقے میں کارروائی جاری رہے گی، کارروائی مزید تیز کرکے غیرقانونی تعمیرات کو ختم کردیا جائے گا، اگلی کارروائی لی مارکیٹ، کھوڑی گارڈن اور گارڈن کے علاقے میں ہوگی لہٰذا قابضین جگہیں خود خالی کردیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔