ضبط شدہ 16 قیمتی گاڑیاں اعلیٰ افسران سے بازیاب

گاڑیاں انتظامیہ،داخلہ کے افسران کو بطورتحفہ دی گئی تھیں،کارروائی کافیصلہ

گاڑیاں انتظامیہ،داخلہ کے افسران کو بطورتحفہ دی گئی تھیں،کارروائی کافیصلہ (فوٹو:فائل)

TOKYO:
چیف کمشنر اسلام آباد نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس اسلام آباد کے حکام کی جانب سے سیزراینڈ ڈسپوزل رولزکے تحت ضبط کی گئی کروڑوں روپے مالیت کی 16 گاڑیاں بازیاب کرالیں، گاڑیاں ضلعی انتظامیہ اور وزارت داخلہ کے اعلیٰ افسران سمیت کئی اہم شخصیات کے زیر استعمال تھیں،کمشنر آفس ضبط کی گئی گاڑیاں آج کسٹم حکام کے سپرد کرے گا۔


ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے ذرائع کے مطابق چیف کمشنر عامر علی احمد نے سیزر رولز کے تحت ضبط کی گئی کروڑوں روپے کی گاڑیاں غائب ہونے کے معاملے کا نوٹس لیا جس کے بعد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس کے حکام نے رات کی تاریکی میں افسران بالا کو تحفتاًدی گئی 16سے زائد قیمتی گاڑیاں واپس لے لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایکسائز آفس نے مذکورہ گاڑیاں گزشتہ ایک سال کے دوران سیزر اینڈ ڈسپوزل رولز کے تحت ضبط کیں۔

تاہم افسران نے ان گاڑیوں کو رولز کے تحت پولیس یاکسٹم حکام کے حوالے کرنے کے بجائے ضلعی انتظامیہ اور وزارت داخلہ کے سینئر افسران کی خوشنودی حاصل کرنے کیلیے انھیں بطور تحفہ دے دیں تاہم گزشتہ ہفتے چیف کمشنر اسلام آباد نے ان گاڑیوں کا سراغ لگنے پر معاملے کا نوٹس لیا تھا۔ چیف کمشنر نے ضبط شدہ گاڑیاں بروقت ڈسپوزل نہ کرنے اورانہیں غیر قانونی استعمال میں لانے کے معاملے میں ملوث افسران و اہلکاروں کیخلاف ضابطے کی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایات بھی جار ی کردی ہیں۔
Load Next Story