ملک کو بدنام کرنے پر سلمان معافی کے طلبگار

تاحیات پابندی لگائی جائے، ڈھٹائی سے جھوٹ بولنے کے بعداب کس منہ سے معافی مانگ رہے ہیں؟ ناجائز ذرائع سے۔۔۔، سرفراز نواز


Sports Reporter June 29, 2013
’’ہائے اس زودِ پشیماں کا پشیماں ہونا ‘‘ سلمان بٹ قوم سے معافی مانگتے ہوئے مسکرارہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

'' بہت دیر کی مہرباں آتے آتے''۔ 3 سال تک قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے بعد آخرکار سلمان بٹ نے اسپاٹ فکسنگ کا اعتراف کر لیا، سابق کپتان نے ملک کو بدنام کرنے پر عوام سے معافی مانگی ہے۔

گذشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انھوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو کرپشن سے دور رہنے کی ہدایت بھی کردی، سابق اوپنر نے پی سی بی کے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر عائد پابندی اٹھانے میں تعاون کے لیے درخواست کی ہے، وہ بورڈ اورآئی سی سی کی طرف سے بحالی پروگرام میں شرکت پر بھی رضامند ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 2010 کے لارڈز ٹیسٹ میں دنیائے کرکٹ کو ہلا دینے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سے آلودہ کھلاڑی پہلے تو اپنے جرم سے انکاری ہوکر عدالتوں اور مختلف پلیٹ فارمز پر اپنی بے گناہی کا ڈھنڈورا پیٹتے رہے، اب وہ باری باری اپنے چہروں سے خود ہی نقاب ہٹاکر ملک کی بدنامی میں مزید اضافے کا سبب بن رہے ہیں، محمد عامر تو پہلے ہی اعتراف جرم کر چکے، اب تک مظلومیت کا رونا رونے والے سلمان بٹ بھی گذشتہ روز ضمیر کی عدالت میں جرم قبول کرنے منظر عام پر آ گئے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آئی سی سی ٹریبونل نے میرے، محمد عامر اور محمد آصف کیخلاف جو بھی فیصلہ کیا وہ درست تھا، میں کھیل کی ساکھ تباہ کرنے پر ملک و قوم اور کرکٹ کے پرستاروں سے معافی مانگتا ہوں، بڑوں کے سمجھانے اور آئی سی سی کے مشورے پر جرم قبول کررہا ہوں، جو نوجوان کھیل رہے یا کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں میرا ان کو مشورہ ہے کہ خود کو ایسی منفی سرگرمیوں سے دور رکھیں جو کرکٹ کی ساکھ کو تباہ کر دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بحالی کے کسی بھی پروگرام میں شمولیت کے لیے تیار ہوں، میری 5 سالہ پابندی کے مزید2 سال باقی رہ گئے ہیں، بورڈ کے عبوری چیئرمین نجم سیٹھی سابق پیسر محمد عامر کو رعایت دلانے کے خواہاں ہیں، ان سے درخواست ہے کہ وہ مجھے بھی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دلا دیں تاکہ پابندی ختم ہونے تک فارم اور فٹنس بحال رکھ سکوں۔



دوسری جانب سوئنگ بولنگ کے موجد سرفراز نواز نے سلمان بٹ پر تاحیات پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے، سابق پیسرنے کہا کہ سابق کپتان نے پہلے تو اسپاٹ فکسنگ کرکے ملک کو بدنام کیا پھر بڑی ڈھٹائی کے ساتھ 3 سال تک جھوٹ بھی بولتے رہے،اب وہ کس منہ سے معافی مانگ رہے ہیں؟ انھوں نے کہا کہ سلمان بٹ نے ناجائز ذرائع سے جتنی بھی دولت کمائی، پہلے اس کی ریکوری کرنی چاہیے بعد میں معافی دینے یا نہ دینے کا سوچا جائے۔

انھوں نے کہا کہ سلمان بٹ سمیت دیگر ملوث کرکٹرز کی سزائیں برقرار رہنی چاہئیں تاکہ دیگر کھلاڑیوں کو عبرت مل سکے۔سرفراز نواز نے واضح کیا کہ اگر آئی سی سی کی میٹنگ میں قائم مقام چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے محمد عامر کی سزا میں کمی کیلیے درخواست کی تو میں ان کیخلاف مقدمہ کروں گا، کھیل کی عالمی باڈی نے پیسر کو رعایت دی تو اسے بھی عدالت کے کٹہرے میں لے آؤں گا، سٹے بازکرکٹرز کو معاف کرنے سے کھیل کی مزید تباہی ہوگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں