ہندو انتہا پسند شاہ رخ خان پر سیاہی پھینکنے کے فیصلے سے دستبردار

ہندو انتہا پسند تنظیم نے شاہ رخ خان پر فلم’اشوکا‘میں اڑیسہ کی تاریخ کو مسخ کرنے کاالزام لگایاتھا

کالنگا سینا کی دھمکی کے باعث شاہ رخ خان کی سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی تھی فوٹوفائل

ہندو انتہا پسند تنظیم کالنگا سینا نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے چہرے پر سیاہی پھینکنے کا ارادہ بدل دیا۔

ہندو انتہا پسند تنظیم کالنگا سینا نے چند روز قبل دھمکی دی تھی کہ اگر شاہ رخ خان ہاکی ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیےاڑیسہ آئے تو ان کے چہرے پر سیاہی پھینک دی جائے گی ، کالنگا سینا کی دھمکی کے باعث شاہ رخ خان کی سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی تھی تاہم اب ہندو انتہا پسند جماعت نے اپنا ارادہ بدل دیاہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ہندو انتہا پسندوں کی دھمکی؛ شاہ رخ خان کی سیکیورٹی سخت


بھارتی میڈیا کے مطابق ہاکی انڈیا کے سربراہ محمد مشتاق احمد نے کالنگا سینا سے ایک خط کے ذریعے درخواست کی تھی کہ وہ ہاکی کی افتتاحی تقریب کے دوران کنگ خان کے خلاف احتجاج نہ کریں اور نہ ہی ان کے چہرے پر سیاہی پھینکیں، شاہ رخ خان سپر اسٹار ہیں اور انہیں ہاکی کو سپورٹ کرنے اور فلم'چک دے انڈیا'کی وجہ سے دنیا بھر میں جانا جاتا ہے لہٰذا اگر ان پر سیاہی پھینکی گئی تو دنیا بھر میں بھارت کانام خراب ہوگا اور ریاست اڑیسہ بین الاقوامی مہمانوں کے سامنے بدنام ہوجائے گی۔

کالنگا سینا کے سربراہ ہیمنت راتھ نے ہاکی انڈیا کے سربراہ کی درخواست قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم محمد مشتاق کی درخواست پر شاہ رخ خان کے خلاف احتجاج کرنے اور ان پر سیاہی پھینکنے کے فیصلے سے دستبردار ہوگئے ہیں کیونکہ ہم نہیں چاہتے ریاست اڑیسہ کا نام بین الاقوامی طور پر خراب ہو۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ہاکی ورلڈ کپ؛ شاہ رخ اور مادھوری بھی جلوے بکھیریں گے

واضح رہے کہ ہندو انتہا پسند تنظیم کالنگا سینا نے شاہ رخ خان پر 17 سال قبل ریلیز ہونے والی فلم 'اشوکا' میں اڑیسہ کی تاریخ کو مسخ کرنے کا الزام لگایا تھا اور ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیاتھا۔
Load Next Story