اسپین کو زیر کرنے کا اطالوی خواب ادھورا رہ گیا

سنسنی خیز سیمی فائنل میں عالمی چیمپئن ٹیم پنالٹی ککس پر 7-6 سے کامیاب، ٹرافی کیلیے کل برازیل سے مقابلہ ہوگا

کنفیڈریشنز کپ فٹبال: اٹلی کیخلاف سیمی فائنل میں اسپینش گول کیپر اکیر کیسا لیس اچھل کر گیند قابو کررہے ہیں، ان کی ٹیم یہ مقابلہ پنالٹی ککس پر جیت پائی۔ فوٹو: اے ایف پی

کنفیڈریشنز کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے سنسنی خیز سیمی فائنل میں عالمی چیمپئن اسپین نے پنالٹی ککس پر اٹلی کو7-6 سے ہرا دیا۔

ورلڈ اور یورپی چیمپئن اسپین کو زیر کرنے کا اطالوی خواب ادھورا رہ گیا، فاتح ٹیم اب ٹرافی کیلیے اتوار کو میزبان برازیل کے مدمقابل ہوگی، میچ میں مقررہ وقت تک بھرپور حملوں کے باوجود کوئی بھی ٹیم گیند کو جال میں نہیں پہنچا پائی، ایکسٹرا ٹائم بھی مقابلے کو نتیجہ خیز بنانے کیلیے ناکافی ثابت ہوا، فیصلے کیلیے پنالٹی شوٹ آؤٹس کا استعمال کیا گیا، ڈیفینڈر لیونارڈو بینوچی کی غلطی کا خمیازہ اٹلی کو ایونٹ سے باہر ہونے کی صورت میں چکانا پڑا، اس کا تیسری پوزیشن کیلیے یوروگوئے سے ٹکراؤ ہوگا۔تفصیلات کے مطابق اٹلی کے لیونارڈو بینوچی پنالٹی ککس مرحلے کی13ویں شوٹ کو جال تک پہنچانے میں ناکام رہے، جس کے بعد جوابی وار میں اسپینش پلیئر نیواس نے گول بناکر ٹیم کو فائنل کا ٹکٹ دلادیا۔

ٹیم کو تمام بڑے بین الاقوامی ٹائٹلز اپنے نام کرنے کیلیے کنفیڈریشنز کپ کی ٹرافی درکار ہے، وہ 1992 کے بارسلونا اولمپکس میں طلائی تمغہ بھی جیت چکی ہے۔ دریں اثنا اٹلی سے سیمی فائنل کو اسپینش کوچ ونسنٹ ڈیل بوسکیو نے مشکل مقابلہ قرار دیا، انھوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے انتہائی مشکل میچ رہا، اب ہمیں فائنل سے قبل اگلے چند دن تک اپنے کھیل میں بہتری لانے کیلیے غوروفکر کرنا ہوگا، مجھے یقین ہے کہ اتوار کو ماریکانا اسٹیڈیم پر شیڈول فائنل میں پلیئرز میزبان ٹیم کا سامنا کرکے خوش ہوں گے۔

یاد رہے کہ اسپین نے اس سے قبل یورو 2012 کے فائنل میں اطالوی سائیڈ کو 4-0 سے مات دی تھی،کوچ سیسار پراندیلی نے اسی ایونٹ کے گروپ مرحلے میں اسپین سے ڈرا میچ کھیلنے کا فارمولا اپناتے ہوئے اس مرتبہ بھی اسے لوہے کے چنے چبوا دیے۔




اٹلی نے تین دفاعی کھلاڑیوں ایسٹاڈیو کیسٹیلاؤ، کلاڈیو مارچیسیو اور انتونیو کینڈریوا کو میدان میں اتارا، واحد اسٹرائیکر البرٹ گیلارڈینو تک گیند پہنچانے کیلیے مڈفیلڈرز کی تعداد 6 رکھی گئی، یہ حکمت عملی کارگر رہی اور اسپینش ٹیم کی روایتی پاسنگ میں کئی مرتبہ حریف پلیئرز نے دخل اندازی کی، اگرچہ پہلے ہاف میں گیند پر قبضہ رکھنے میں اسپین کامیاب رہا لیکن اطالوی پلیئرز کو جب بھی گیند ملی انھوں نے حملہ کرنے میں دیر نہیں لگائی، رائٹ ونگ بیک کرسٹیان میگیو نے اسپینش دفاعی حصار کو توڑنے میں کلیدی کردار ادا کیا، 60 گز کی دوری سے آندریا پیرلو کے پاس پر ان کے ہیڈر پر گیند کو اسپینش گول کیپر اکیر کیسالیس نے عمدگی سے قابو کیا۔

کھیل کے 36ویں منٹ میں اطالوی فٹبالر میگیو کو میچ پر طاری جمود ختم کرنے کا موقع ملا لیکن ایمانویل گیاچینیری کے پاس پر ہیڈر پر گیند حریف گول کیپر کے ہاتھوں میں محفوظ ہوگئی،چند سیکنڈز بعد ہی اسپین کے فرنانڈو ٹوریس نے جوابی حملہ کیا لیکن ان کے بائیں پاؤں سے لگائی ہوئی شوٹ گول پوسٹ سے خاصی باہر رہی، دوسرے ہاف میں اطالوی ٹیم زیادہ شدت کے ساتھ حریف پر حملہ آور ہوئی اس دوران اسپینش ٹیم کو باہمی پاسنگ میں مشکلات پیش آئیں، سینٹر بیک گیرارڈ پیکیو کو کھیل کے 85ویں منٹ میں گول بنانے کا موقع ملا لیکن وہ نیواس کے پاس سے خاطرخواہ فائدہ نہیں اٹھاسکے اور مقابلہ اضافی وقت میں چلاگیا، جس کے تیسرے منٹ میں اٹلی کے گیاچینرینی گول کرنے میں ناکام ہوگئے۔

اسپینش کوچ ڈیل بوسکیو نے ٹوریس کی جگہ جاوی مارٹینز کو میدان میں اتارا، اسی طرح پیڈرو کی جگہ جوآن ماٹا کو بھی میچ میں شامل کیاگیالیکن اطالوی گول کیپر گینلوگی بفن نے ماٹا کے حملے کو بھی ناکام بنایا۔ بعد میں پنالٹی ککس پر فیصلہ کیا گیا۔
Load Next Story