
ایکسپریس نیوز کے مطابق ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) اوچ شریف کی نااہلی اس وقت سامنے آئی جب اس نے ایک سال قبل فوت ہونے والے مرحوم عبدالمالک کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔
میپکو کی جانب سے تھانہ اوچ شریف میں درج کرائی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا کہ واپڈا کی ٹیم میٹر اکاؤنٹ نمبر 08-15433-4671002 کی چیکنگ کے لئے گئی تو عبدالمالک نامی شخص نے ٹیم کو دھکے دیئے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا تو انکشاف ہوا کہ عبدالمالک کو فوت ہوئے ایک سال ہوگیا ہے۔
مرحوم کے ورثا پولیس کو قبرستان لے گئے اور عبدالمالک کی قبر دکھائی۔ میپکو کی اس نااہلی پر لواحقین اور اہل علاقہ نے سخت غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا فوت شدگان پر الزامات اور مقدمے درج کرنے کی بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دے۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔