یاسر شاہ نے عمران خان کا ٹیسٹ میں 14 وکٹوں کا ریکارڈ برابر کردیا

سابق کپتان عمران خان نے سری لنکا کے خلاف لاہور ٹیسٹ 1982 میں 116رنز دیکر 14شکار کئے تھے


Abbas Raza November 27, 2018
سابق کپتان عمران خان نے سری لنکا کے خلاف لاہور ٹیسٹ 1982 میں 116رنز دیکر 14شکار کئے تھے . فوٹو : پی سی بی

پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ نے عمران خان کا ٹیسٹ میں 14 وکٹوں کا ریکارڈ برابر کردیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے سری لنکا کے خلاف لاہور ٹیسٹ 1982 میں 116رنز دیکر 14شکار کئے تھے اور اب یاسر شاہ نے دبئی میں 184 رنز دیکر اتنے ہی شکار کئے یوں ایک میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے بولرز کی فہرست میں عمران خان کے بعد یاسر شاہ کا نام بھی درج ہوگیا ہے۔

عبدالقادر لاہور ٹیسٹ 1987 میں انگلینڈ کی 13وکٹیں 101رنز کے عوض حاصل کرچکے، فضل محمود نے کراچی ٹیسٹ 1956 میں آسٹریلیا کے اتنے ہی شکار کرنے کے لیے 114 رنز دیئے،وقار یونس نے کراچی ٹیسٹ1993میں 135رنز کے بدلے میں زمبابوے کی 13وکٹیں گرائیں، فضل محمود 2، عمران خان، وقار یونس اور دانش کنیریا ایک ایک مرتبہ میچ میں 12شکارکرنے میں بھی کامیاب ہوئے، آخری بار یہ کارنامہ دانش کنیریا نے بنگلہ دیش کیخلاف ملتان ٹیسٹ 2001میں سرانجام دیا تھا۔

یاد رہے کہ دبئی ٹیسٹ میں یاسر شاہ 41 رنز کے عوض 8 شکار کرکے ایک اننگز میں کامیاب ترین پاکستانی بولرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے تھے۔

عبدالقادر نے انگلینڈ، سرفراز نواز نے آسٹریلیا کے 9 بیٹسمینوں کو شکار بنایا تھا، عمران خان ایک اننگز میں 8 وکٹیں دوبار حاصل کرچکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں