افغانستان میں طالبان نے 25 مسافروں کو اغوا کرلیا

جنگجوؤں نے مردوں کو اغوا کرکے خواتین مسافروں کو مرکزی شاہراہ پر چھوڑ دیا


ویب ڈیسک November 27, 2018
طالبان مسافر بس کو یرغمال بناکر اپنے ہمراہ پہاڑی علاقے میں لے گئے جب کہ خواتین کو چھوڑ دیا (فوٹو : فائل)

افغانستان میں طالبان جنگجو 25 مسافروں سے بھری بس کو یرغمال بنا کر نامعلوم مقام پر اپنے ہمراہ لے گئے۔

افغان میڈیا کے مطابق صوبے بلخ سے مزار شریف جانے والی مسافر بس کو طالبان جنگجوؤں نے یرغمال بنالیا، بس میں سوار 25 مسافروں میں خواتین بھی شامل ہیں، طالبان مسافروں سمیت بس کو اپنے ہمراہ لے گئے۔

گورنر بلخ کے ترجمان منیر احمد نے مسافروں کے اغوا کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ طالبان نے کچھ دیر بعد بس میں سوار خواتین کو رہا کردیا تھا تاہم دیگر مسافروں کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔

رہائی کے بعد خواتین مسافروں کا کہنا تھا کہ وہ اہل خانہ کے ہمراہ مزار شریف جارہی تھیں کہ مسلح جنگجوؤں نے بس کو گھیرے میں لے لیا، چار جنگجو بس میں سوار ہوگئے اور بس کو چلاتے ہوئے پہاڑی علاقے میں لے گئے۔

خواتین مسافروں کو طالبان اپنی پک اپ پر مرکزی شاہراہ پر چھوڑ کر روانہ ہوگئے، افغان حکومت کی جانب سے اغوا ہونے والے افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی جب کہ مغویوں کی رہائی کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

طالبان جنگجو یا کسی بھی دوسری شدت پسند جماعت کی جانب سے تاحال مسافروں کے اغوا کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔ رواں برس مسافر بس کے اغوا ہونے کا یہ پانچواں واقعہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں