موسم سرما میں گیس كی لوڈ شیڈنگ نہ كرنے كا فیصلہ

گیس كی قیمتوں میں حالیہ اضافے كا اطلاق تندوروں پر نہیں ہوگا تاکہ روٹی مہنگی نہ ہو


ویب ڈیسک November 27, 2018
گیس كی قیمتوں میں حالیہ اضافے كا اطلاق تندوروں پر نہیں ہوگا تاکہ روٹی مہنگی نہ ہو، ای سی سی اجلاس (فوٹو: فائل)

كابینہ كی اقتصادی رابطہ كمیٹی (ای سی سی) نے رواں موسم سرما میں گیس كی لوڈ شیڈنگ نہ كرنے كا فیصلہ كیا ہے۔

ای سی سی كا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر كی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس بار سردیوں میں گیس كی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی، اس سلسلے میں گھریلو و كمرشل صارفین كی ضرورت كو پورا كرنے کے لیے ایس این جی پی ایل كو اپنے سسٹم میں آر ایل این جی استعمال كرنے كی اجازت دے دی گئی ہے۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی كیا گیا كہ گیس كی قیمتوں میں حالیہ اضافے كا اطلاق روٹی كے تندوروں پر نہیں ہوگا اور وہ سابقہ نرخوں كے مطابق اپنے گیس كے بل ادا كریں گے۔ ای سی سی كی جانب سے یہ فیصلہ اس خدشے كے پیش نظر كیا گیا ہے كہ گیس كی قیمتوں میں اضافہ سے تندوری روٹی اور نان كی قیمتیں بھی بڑھ جائیں گی۔

ای سی سی نے نیشنل پاور پاركس مینجمنٹ كمپنی لمیٹڈ كو اپنے دو پاور پلانٹس كی بقایا لاگت كو پورا كرنے کے لیے مالیاتی اداروں سے 38 ارب روپے قرضہ حاصل كرنے کے لیے حكومتی گارنٹی دینے كی بھی منظوری دی۔

علاوہ ازیں اجلاس میں ای سی سی نے وزارت توانائی (پاور ڈویژن) كو پاور ہولڈنگ لمیٹڈ كے ذریعے بجلی كے شعبے کے لیے اسلامک فنانسنگ حاصل كرنے كی اصولی منظوری بھی دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں