رات بھرموبائل پرباتیں کرنیوالوں کو چاہئے کہ کچھ نہ کچھ حکومت کو بھی دیں رانا ثنااللہ

کراچی میں امن قائم نہ ہونے کی وجہ ان سیاسی جماعتوں کےعسکری ونگز ہیں جو 5 سال مل کر حکومت کرتے رہے، رانا ثنا اللہ

امن و امان کا قیام صوبائی معاملہ ہے،رانا ثنا اللہ۔ فوٹو: فائل

وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے پری پیڈ موبائل کنکشن پر ٹیکس کا دفاع کرنے کے لئے منطق پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ موبائل فون عام آدمی کی ضرورت ہے لیکن رات رات بھر باتیں کرنے والوں کو چاہئے کہ وہ اس پر حکومت کو کچھ نہ کچھ ادا کریں۔


پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن قائم نہ ہونے کی وجہ ان سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگز ہیں جوگزشتہ 5 سال صوبے اور وفاق میں مل کر حکومت کرتی رہیں۔ امن و امان کا قیام صوبوں کی ذمہ داری ہے، وفاق صوبے کی اجازت کے بغیر معاملات میں عمل دخل نہیں کرسکتا، اگر سندھ حکومت نے اسلام آباد کو معاونت کے لئے لکھا تو کراچی میں امن کے قیام کی بھرپور کوش کریں گے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے حوالے سے غلط باتیں منسوب کی جارہی ہیں، ملکی خزانہ خالی ہے معاشی طور پر مستحکم ہونے اور آئی ایم ایف کے پاس کشکول لے کر جانے سے بہتر ہے کہ ہم خود ہی ٹیکس ادا کریں، حکومت نے اس ضمن میں اپنے اخراجات میں کمی لاکر ابتدا کی ہے، موبائل فون عام آدمی کی ضرورت ہے لیکن رات کو گھنٹوں باتیں کرنا ضرورت نہیں اس لئے ان لوگوں کو چاہئے کہ وہ اس پر حکومت کو کچھ نہ کچھ ادا کریں۔
Load Next Story